وشاکھاپٹنم۔۔14جون (اے پی پی):بھارت نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں با آسانی 48 رنز سے شکست دے دی، بھارت کے180رنز کے ہدف کے جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 131 رنز پر آؤٹ ہو گئی، یزوندرا چہل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا،
جنوبی افریقہ کو سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل ہے۔ منگل کو وشاکھاپٹنم میں کھیلے گئے 5 میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کے تیسرے میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے۔ اوپننگ بیٹرز رتوراج گائیکواڈ اور ایشان کشن نے ٹیم کو 97 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔
رتوراج 57 اور کشن 54 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ہارڈیک پانڈیا نے 21 بالوں پر 31 رنز کی اننگز کھیلی۔ جنوبی افریقہ کے بائولرز پریٹوریس نے 2 جبکہ ربادا،کیشو مہاراج اور شمسی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ بھارت کے180رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 131 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
ہینرچ کلاسین 29، ریزا ہینڈرکس 23، وائن پارنل 22 اور پریٹوریس 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بھارت کے ہرشل پٹیل نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اور چہل نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اکشر پٹیل اور بھونیشور کمار نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ بھارتی سپنر یزوندرا چہل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔