لاہور۔15جون (اے پی پی):آئندہ مالی سال کے صوبائی بجٹ میں محکمہ سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز کیلئے مجموعی طور پر 8 ارب 83 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جس میں سے 7 ارب 50 کروڑ روپے ترقیاتی بجٹ کی مد میں تجویز کئے گئے ہیں۔
وزیر خزانہ پنجاب اویس لغاری نے بجٹ تقریر کے دوران بتایا کہ نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کیلئے ہماری حکومت کھیلوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے منفی اثرات پر قابو پانے کیلئے یہ اقدامات دوررس نتائج کے حامل ہوں گے۔
اس ضمن میں تحصیل سپورٹس کمپلیکسز کا قیام شامل ہے جس کی مد میں آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 40 کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 10 کروڑ روپے کی لاگت سے سرکاری سکولوں میں کھیل کے میدانوں کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ بھی ترقیاتی پروگرام کا حصہ ہے۔ اس کے علاوہ 10 کروڑ روپے کی لاگت سے جیلوں میں صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کیلئے کھیلوں کی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔