منکی پاکس بیماری کا مرکز یورپ ہے، عالمی ادارہ صحت

94
World Health Organization
World Health Organization

جینوا۔16جون (اے پی پی):عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر متعدی بیماری منکی پاکس کے پھیلائو کا مرکز یورپ رہا اور اب تک عالمی سطح پر اس مرض کے جتنے بھی کیسز سامنے آئے ہیں، ان میں سے85 فیصد یا 1500سے زائد یورپی یونین کے یورو زون کے 25 رکن ممالک میں ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

جرمن نشریاتی ادارے نے ڈبلیو ایچ او کے ریجنل ڈائریکٹر ہانس کلوگے کے حوالے سے بتایا کہ یہ بیماری صحت عامہ کے لیے خطرہ ہے اور جتنی زیادہ دیر تک منکی پاکس وائرس گردش کرتا رہے گا اس کےدائرہ اثر میں بھی اضافہ ہوگا۔ عالمی ادارہ صحت نے بین الاقوامی سطح پر منکی پاکس کے خلاف زیادہ مربوط اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے ۔

واضح رہے کہ منکی پاکس چیچک کی طرح ایک بیماری ہے لیکن اس کی شدت چیچک سے کم ہے۔منکی پاکس کے متاثرہ مریض کے جسم پر چھوٹے چھوٹے دانے نکل آتے ہیں، اس کے علامات میں بخار، سردرد اور جسم میں تھکاوٹ ہونا شامل ہیں۔ منکی پاکس جنگلی جانوروں خصوصا زمین کھودنے والے چوہوں اور لنگوروں میں پایا جاتا ہے اور اکثر ان سے انسانوں کو بھی منتقل ہو جاتا ہے۔