اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت عبدالقادرپٹیل نے دورہ متحدہ عرب امارات کے دوران دبئی کے شاہی خاندان کے رکن شیخ حمد بن دلموک المختوم اور ان کے حیات بائیوٹیک گروپ کے عہدیداران سے ملاقاتیں کیں ۔ جمعہ کو جاری بیان کے مطابق ملاقاتوں کے دوران متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے قونصل جنرل حسن افضل سپیشل سیکرٹری ہیلتھ افتخارِ شلوانی بھی موجود تھے۔
اس موقع پر متحدہ عرب امارات حکومت کی مختلف ٹیموں نے وزیر صحت اور وفد کو بریفنگ دی ۔ملاقاتوں میں حیات بائیوٹیک گروپ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا ۔وفاقی وزیر عبدالقادر پٹیل کو بتایا گیا کہ متحدہ عرب امارات ،پاکستان میں پلازما کی تیاری اور افزائش کی سہولیات کے قیام میں دلچسپی رکھتا ہے جبکہ پاکستانی وفد نے اس دلچسپی کو سراہا اور باہمی تعاون کے ساتھ اسے مزید آگے بڑھانے کی ضرورت پر زوردیا ۔
اس موقع پرانہیں متحدہ عرب امارات میں ڈیجیٹل اور میڈیکل سائنسز کے شعبے طبی پیشرفت کے بارے میں بھی بتایا گیا۔عبدالقادرپٹیل نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں ،اس دورہ سے دونوں ممالک کے درمیان صحت کے شعبے میں اہم تعاون کا آغاز ہوا ہے۔شاہی خاندان کے گروپ نے پاکستان میں سرکاری ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن میں گہری دلچسپی ظاہر کی ۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ یہ سہولیات عوام کو براہ راست مدد فراہم کریں گی،ہماری حکومت بہترین طبی خدمات کی سہولیات کی فراہمی کیلئے پر عزم ہے۔دونوں ممالک کو صحت کے شعبے میں تعاون کو ملکر فروغ دینا ہو گا اور ہر ایک کو حاصل اپنی اپنی مہارت اور خدمات کے اشتراک کو اگے بڑھانا ہے،ہماری حکومت صحت کے شعبے کی ترقی کیلئے خصوصی اقدام کر رہی ہے۔