
اسلام آباد ۔ 29 نومبر (اے پی پی) وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد نے کہا ہے کہ متبادل توانائی کو فروغ دینے کی غرض سے ملک میں ایک ہزار میگا واٹ کا دنیا کا سب سے بڑا سولر پارک قائم کیا جا رہا ہے، عالمی برادری کے ذمہ دار رکن کی حیثیت سے پاکستان نے ماحولیاتی تحفظ کیلئے پائیدار اقدامات اٹھائے ہیں، عالمی حدت میں پاکستان کا حصہ انتہائی کم ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان ماحولیاتی تبدیلی کے خطرے سے دوچار ٹاپ ٹین ملکوں کی فہرست میں شامل ہے۔ منگل کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے موسمیاتی تبدیلی کے وزیر نے کہا کہ توانائی کے مناسب استعمال اور موثر تحفظ کو فروغ دینے کیلئے پاکستان نے قومی توانائی کارکردگی و تحفظ ایکٹ 2016ءکو نافذ کیا۔ زاہد حامد نے کہا کہ انہوں نے ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق مراکش میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس میں پاکستانی وفد کی قیادت کی۔ اس موقع پر عالمی برادری کو آگاہ کیا گیا کہ عالمی حدت میں پاکستان کا حصہ انتہائی کم ہے اور آج پاکستان کو گلیشیئرز کے پگھلنے، سمندر کی سطح میں اضافہ، سخت خشک سالی اور بلند ترین درجہ حرارت سمیت ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق متعدد بڑے چیلنجوں کا سامنا ہے۔