اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کا جھوٹا اور منافق چہرا عوام پہچانتی ہے، بیرونی سازش کا بیانیہ دفن ہونے کے بعد 25 مئی کا بھگوڑا اب اپنی دی ہوئی مہنگائی پر فتنہ فساد پھیلانا چاہتا ہے، عوام ملکی مفاد کو چند ہیروں کے عوض بیچنے کی کال پر کیوں نکلیں؟۔
عمران خان کی احتجاج کی کال پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عوام جھوٹے، فتنہ، منافق اور چور کی کال پر کیوں نکلیں؟ عوام چار سال مزدور کی مزدوری اور عوام کی روٹی کھانے والے کی کال پہ کیوں نکلیں؟ مہنگائی، معاشی تباہی اور بیروزگاری کے ذمہ داروں کی کال پر عوام کیوں نکلے؟ چار سال مہنگائی کا طوفان برپا کرنے والوں کی کال پر عوام کیوں نکلے؟
اقتدار میں آئی ایم ایف سے کمزور معاہدہ کرنے والوں کی کال پر عوام کیوں نکلے؟ آٹا 35 سے 90 روپے کرنے والوں کی کال پر عوام کیوں نکلے؟ چینی 52 سے 120 روپے کرنے والوں کی کال پر عوام کیوں نکلے؟ عوام خونی مارچ کی کال دینے والوں کے ساتھ کیوں نکلے؟ عوام پولیس والوں کو گولیاں مارنے والوں کے ساتھ کیوں نکلے؟ عوام ملک کو تین حصوں میں تقسیم کرنے کی ہرزہ سرائی کرنے والوں کے ساتھ کیوں نکلیں؟ چار سال ملک کے مفاد ہیرے کی انگوٹھیوں کے عوض بیچنے والوں کی کال پرکیوں نکلے؟
عوام ملک کو تاریخی مقروض کرنے والوں کے ساتھ کیوں نکلے؟ عوام کشمیر فروشوں کے ساتھ کیوں نکلے؟ عوام ملک کو تقسیم کرنے والوں کے ساتھ کیوں نکلے؟۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کی معاشی سمت درست کر رہی ہے کسی خونی اور فسادی احتجاج کی اجازت نہیں ہوگی۔