معیشت کو سنبھالنے کے لئے دلیرانہ فیصلوں سے گریز نہیں کریں گے، شبانہ روزمحنت سے قوم کو معاشی مشکلات سےنکالیں گے، وزیراعظم

105

اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سابق حکومت کی بدترین معاشی پالیسیوں اور عاقبت نااندیشی کے باعث بہت بڑامعاشی چیلنج درپیش ہے، معیشت کو سنبھالنے کے لئے دلیرانہ فیصلوں سے گریز نہیں کریں گے، شبانہ روزمحنت سے قوم کو معاشی مشکلات سےنکالیں گے، انشا اللہ اچھا وقت بھی آئے گا۔منگل کو کابینہ اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ قوم بدقسمتی سے سابق حکومت کی بدترین معاشی پالیسیوں ، بے انتہا ناقص کارکردگی اور عاقبت نااندیشی کاخمیازہ بھگت رہی ہے۔ یہ ہمارے لئے بہت بڑا معاشی چیلنج ہے جو ہمیں ورثہ میں ملا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سابق حکومت جاتے جاتے پٹرولیم کی قیمتیں جو پوری دنیا میں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، کم کر کے آنے والی حکومت کے لئے جال بچھایا ۔ یہ بدنیتی پر مبنی اقدام تھا۔ اگر سابق حکمرانوں کو عوام کا اتنا ہی درد ہوتا تو 3 سال میں کوئی اچھی مثال قائم کرتے اور عوام کی حقیقی فلاح و بہبود کے لئے کچھ کرتے۔ عالمی سطح پر گھمبیر صورتحال درپیش ہے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں ہمیں بھی مجبوراً قیمتیں بڑھانا پڑیں لیکن اس کے ساتھ ہم نے 7 کروڑ غریب لوگوں کے لئے ریلیف کا بھی اعلان کیا اور بی آئی ایس پی کے ذریعے 2000 روپے ماہانہ ملک کے کروڑوں غریب لوگوں کو دیاجا رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ فیصلہ بجٹ میں غریب طبقے پر بوجھ کم کرنے کے لئے کیا گیا۔ صاحب حیثیت طبقات پر ٹیکس لگایا گیا تاکہ عام آدمی کو یہ احساس ہو کہ ان کی حکومت ان کا بوجھ بانٹنے کے لئے اقدامات کررہی ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ توقع رکھتے ہیں کہ ملک کا امیر طبقہ زیادہ ٹیکس دے کر حکومت کا ساتھ دے گا۔ اس طرح حکومت زیادہ ٹیکس جمع کرکے غریبوں پر خرچ کرسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ مشکلات حالات میں جو ذمہ داری ہمیں ملا ہے ،اسےنبھائیں گے۔ ہم نے دلیرانہ فیصلے کئے ہیں مزید بھی کرنا پڑے تو کریں گے اورمعیشت کو سنبھالنے کے لئے کوئی بھی ضروری قدم اٹھانےسے نہیں ہچکچائیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ مشکل فیصلوں کے بعد اچھا وقت بھی آئے گا۔ مشکل فیصلے ہماری مجبوری ہے۔ ہم محنت سے کام کریں گے اور نتائج اللہ کے ہاتھ میں ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ سابق حکومت نے آئی ایم ایف سے جومعاہدہ کیا خود ہی اس کی دھجیاں اڑائیں۔ معاہدے کی پاسداری نہ کرنے کی وجہ سے آج معاشی مشکلات درپیش ہیں۔ ہم شبانہ روز محنت کے ذریعے قوم کو اس مشکل وقت سے نکالیں گے۔