پاکستان حج مشن کی عازمین کو قربانی کے جعلی کوپن رعایتی قیمت پر فروخت کرنے والے جعل ساز گروہ سے ہوشیار رہنے کی ہدایت

53
سعودی وزیر حج وعمرہ اور پاکستانی وفد کے مابین حج سیزن 1444ھ کے انتظامات کے حوالے سے معاہدے پر دستخط

مکہ مکرمہ ۔26جون (اے پی پی):حج 2022 کے موقع پر قربانی کے جعلی کوپن رعایتی قیمت پر فروخت کرنے والے گروہ متحرک ہو گئے ہیں۔ اس سلسلے میں پاکستان حج مشن نے اپنےعازمین کو متنبہ کیا ہے کہ وہ ایسے جعل سازوں سے ہوشیار رہیں اور ان کے جھانسے میں نہ آئیں۔

شرعی اصولوں کے مطابق قربانی کرنا ہی مناسک حج کی درست ادائیگی کیلئے بہترین عمل ہے۔ پاکستان حج مشن مکہ مکرمہ اور اسلامی ترقیاتی بینک کے درمیان قربانی کے حوالے سے ایک ایم او یو پر حال ہی میں دستخط ہوئے ہیں۔

جس کے مطابق پاکستانی عازمین کے لئے حج کے موقع پر قربانی کے تمام انتظامات اسلامی ترقیاتی بینک کرے گا۔ جن پاکستان عازمین نے ابھی تک بوجوہ قربانی کی رقم جمع نہیں کرائی انہیں پانچ ذوالحج تک رقم جمع کرانے کیلئے وقت دیا جائے گا۔ اردو نیوز کے مطابق مکہ مکرمہ پولیس نے قربانی کے جعلی کوپن فروخت کرنے والے ایک گروہ کو گرفتار کیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق چار گرفتار شدگان میں سے تین کے پاس اقامے جبکہ چوتھا وزٹ ویزے پر ہے۔ پولیس نے کہا ہے کہ مذکورہ افراد نے جعلی کوپن سوشل میڈیا کے ذریعے فروخت کیلئے پیش کر رکھے تھے اور اس گروہ نے جعلی کوپن کی قیمت میں رعایتیں دے رکھی تھیں۔ پولیس نے کہا ہے کہ مذکورہ افراد سے تفتیش مکمل ہونے پر انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا جائے گا۔