نوجوانوں اور آنے والی نسلوں کو منشیات کی لعنت سے بچانا ایک محفوظ اور خوشحال دنیا کے لیے ناگزیر ہے،دفتر خارجہ

70
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے "عوام کے حق خود ارادیت کے عالمی حصول"سے متعلق پاکستان کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کر لی

اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):پاکستان نے کہا ہے کہ نوجوانوں اور آنے والی نسلوں کو منشیات کی لعنت سے بچانا ایک محفوظ اور خوشحال دنیا کے لیے ناگزیر ہے، ہم منشیات کے استعمال سے پاک دنیا کے حصول کے لیے عمل اور تعاون کو مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

اتوار کو منشیات کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر جاری بیان میں دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ منشیات کا استعمال نہ صرف صحت عامہ اور سماجی و اقتصادی ترقی کو نقصان پہنچاتا ہے بلکہ یہ قومی سلامتی اور خوشحالی کو بھی چیلنج کرتا ہے،پاکستان میں منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن منایا گیا۔

پاکستان ’’منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن‘‘ منانے میں عالمی برادری میں شامل ہے۔پاکستان خود پوست سے پاک ملک ہے لیکن اس کی آبادی علاقائی افیون کی پیداوار اور تجارت کا شکار ہو گئی۔

ترجمان نے کہا کہ منشیات کی غیر قانونی پیداوار اور اس کی سمگلنگ ہمارے ہمسایہ میں ایک بڑا مسئلہ ہے اور پاکستان منشیات کی پیداوار اور اسمگلنگ کے خلاف لڑنے کے لیے جاری عالمی اور علاقائی اقدامات کی فعال حمایت کرنے کی کوششوں میں سب سے آگے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس دن کا منانا پاکستان کے منشیات سے پاک معاشرہ اور دنیا بنانے کے پختہ عزم کو ظاہر کرتا ہے،پاکستان پیرس معاہدے کے اقدام اور افغانستان اور پڑوسی ممالک کے لیے یو این او ڈی سی کے علاقائی پروگرام میں سہ فریقی کے تحت قریبی شمولیت رکھتا ہے۔ہم اس خطرے سے لڑنے کے لیے ایران اور افغانستان کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی اور علاقائی تعاون کے علاوہ، قومی سطح پر انسداد منشیات کے متعدد اقدامات اٹھائے گئے ہیں جن میں 2019 میں انسداد منشیات کی قومی پالیسی کو اپنانا اور انسداد منشیات پر انٹر ایجنسی ٹاسک فورس کا قیام شامل ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 1987 میں 26 جون کو منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا تاکہ منشیات کے استعمال سے پاک بین الاقوامی معاشرے کے مقصد کے حصول کے لیے کارروائی اور تعاون کو مضبوط کرنے کے اپنے عزم کا اظہارہوسکے۔