
اسلام آباد ۔ 30 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اوپن گورنمنٹ احتساب اور شفافیت کے اصولوں پر یقین رکھتی ہے، اس سلسلہ میں او ای سی ڈی کے ٹیکس امور میں کثیر الجہتی کنونشن برائے انتظامی معاونت کی رکنیت حاصل کر لی ہے۔ وہ بدھ کو پاکستان کے اوپن گورنمنٹ پارٹنر شپ انیشیٹیو میں شمولیت سے متعلق آراءکے حصول کیلئے سول سوسائٹی کے نمائندوں کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ سیکرٹری امور ڈویژن طارق باجوہ نے اس حوالہ سے اجلاس کو بریفنگ دی۔ وزیر خزانہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان نے او ای سی ڈی کے کثیر الجہتی کنونشن میں شمولیت اختیار کی ہے جو ہمارے ٹیکس کے شعبہ میں بین الاقوامی سطح پر بہترین طریقوں کو اختیار کرنے کے حوالہ سے ہمارے مضبوط عزم کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان رشوت ستانی کے خلاف او ای سی ڈی کنونشن میں شمولیت کا بھی جائزہ لے رہا ہے۔