سندھ میں کورونا کنٹرول کے لیے ٹیسٹنگ اور کنٹیکٹ ٹریسنگ کو بڑھایا جائے، وفاقی وزیر برائے قومی صحت

64

اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے سربراہ و وفاقی وزیر برائے قومی صحت عبدالقادر پٹیل نے سندھ میں کورونا کیسز میں اضافے پرتشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ این سی او سی کی ٹیم سندھ کے محکمہ صحت سے مل کرکراچی میں کورونا وائرس پر کنٹرول کے لیے مربوط حکمت عملی طے کرے، کراچی میں کورونا کنٹرول کے لیے صوبائی سطح پر حکمت عملی بنائی جائے گی۔

وزارت صحت سےجاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے کہاکہ سندھ خصوصاً کراچی میں کورونا کیسز میں اضافے پر تشویش ہے۔ اس سلسلہ میں وفاقی وزیر نے این سی او سی کو سندھ محکمہ صحت سے رابط کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ این سی او سی کی ٹیم سندھ کے محکمہ صحت سے مل کراچی میں کنٹرول کے لیے مربوط حکمت عملی طے کرے گی،خصوصا کراچی میں کورونا کنٹرول کے لیے صوبائی سطح پر حکمت عملی بنائی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ کورونا کنٹرول کے لیے ٹیسٹنگ اور کنٹیکٹ ٹریسنگ کو بڑھایا جائے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرایا جائے او رہجوم والی جگہوں پر ماسک کا استعمال کرایا جائے ۔