اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):بلوچستان اور سندھ میں زرعی شعبہ سے متعلق کاروبار کی ترقی کے لئے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) اور انٹر نیشنل ٹریڈ سینٹر (آئی ٹی سی ) نے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کئے ہیں۔ منصوبہ پر لاگت کا تخمینہ 308ملین روپے ہے ۔
سمیڈا کے حکام نے کہا ہے کہ منصوبہ کا مقصد دیہی ترقی اور پائیدار اقتصادی شرح نمو ( جی آر اے ایس پی ) ہے ۔ یہ منصوبہ اقوام متحدہ اور عالمی ادارہ برائے تجارت کے مشترکہ ذیلی ادارہ آئی ٹی سی کی نگرانی میں مکمل کیا جائے گا جس کے لئے فنڈز یورپی یونین فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہاکہ منصوبہ کے دیگر شراکتداروں میں ادارہ خوراک و زراعت (ایف اے او) اور پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ ( پی پی اے ایف) شامل ہیں۔ گروتھ آف رورل ایڈوانسمنٹ اینڈ سسٹین ایبل پرا گریس (جی آر اے ایس پی) منصوبہ چھ سال کیلئے تیار کیا گیا ہے جس سے پاکستان میں غربت کے خاتمہ میں مدد ملے گی ۔
اس حوالہ سے سمیڈا ملک کے دو صوبوں بلوچستان اور سندھ میں زرعی شعبہ کے کاروباروں کی ترقی کے اقدامات کرے گی جس کے تحت بلوچستان اور سندھ میں ہارٹی کلچر اور لائیو سٹاک کے شعبوں کی ترقی میں مدد ملے گی ۔