پاکستان میں پسماندہ اور غریب طبقات کی مالی معاونت کے لئے 28 ارب روپے کی ٹارگیٹڈ سبسڈی فراہم کی گئی،وفاقی وزیر تخفیف غربت و سماجی تحفظ و چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری

73

کوئٹہ۔1جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر تخفیف غربت و سماجی تحفظ و چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری نے کہا ہے کہ پاکستان میں پسماندہ اور غریب طبقات کی مالی معاونت کے لئے 28 ارب روپے کی ٹارگیٹڈ سبسڈی فراہم کی گئی جبکہ اس مقصد کے لئے مزید 48 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ،اس سبسڈی سے بی آئی ایس پی میں رجسٹرڈ مستحقین کے علاوہ 40 ہزار ماہانہ سے کم آمدن والے خاندان بھی استفادہ کرسکیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں کوئٹہ پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر پیپلز پارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی،کوئٹہ ڈویژن کے صدرخیرمحمد ترین ، ضلع کوئٹہ کے صدر میر نصیب اللہ شاہوانی ،کوئٹہ سٹی کے صدر نورالدین کاکڑ، سکینہ عبداللہ خان ، محی الدین رند،صوبائی میڈیا کوارڈی نیٹر حیات خان اچکزئی،سردار عمران بنگلزئی،ثناءاللہ جتک ، ندیم خان آفریدی ، ملک ذیشان ،ربانی خلجی ،جبار خان خلجی اوردیگر پارٹی رہنماءبھی موجود تھے ۔

وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا کہ ملک بھر میں بی آئی ایس پی کی مالی معاونت سے اسی لاکھ خاندان استفادہ کررہے ہیں اس پروگرام کو اقوام متحدہ سمیت پوری دنیا میں سراہا گیا ہے پروگرام میں وسعت کرتے ہوئے اب اس میں غذائی قلت کے تدارک اور ترویج تعلیم کو بھی شامل کیا گیا ہے بلوچستان سے غربت اور پسماندگی کا خاتمہ وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف تین بار بلوچستان کا دورہ کرچکے ہیں اور اب بلوچستان کے مسائل پارلیمنٹ اور کابینہ کے ہر اجلاس میں زیر بحث آتے ہیں،

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نئے مراکز کے قیام کے ساتھ ساتھ 25 موبائل یونٹ بھی تشکیل دئیے جاررہے ہیں تاکہ جن خواتین کی بی آئی ایس پی مراکز تک رسائی نہیں وہ ان موبائل یونٹس سے فائدہ اٹھا سکیں انہوں نے کہا کہ حکومت کو سخت گیر معاشی فیصلے سابق حکومت کے آئی ایم ایف سے کئے گئے معاہدوں کے تناظر میں کرنے پڑ رہے ہیں حکومت کو مہنگائی کا پورا پورا احساس ہے اور مہنگائی کے عفریت سے نمٹنے کیلئے غریب طبقات کو کسی نہ کسی شعبے میں ٹارگیٹڈ سبسڈی دی جاررہی ہے سخت فیصلوں کی کڑوی گولی نگلنا پڑے گی فی الوقت بلینکٹ سبسڈی نہیں دے سکتے معاشی حالات کی بہتری کے ساتھ ہی سبسڈی کا دائرہ بتدریج وسیع کیا جائیگا

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو آئین کے آرٹیکل 95 کے تحت تحریک عدم اعتماد کے ذریعے ہٹایا گیا ہمیں اقتدار کا شوق نہیں لیکن عمران خان حکومت کا خاتمہ نہ کیا جاتا تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچتا ، وفاقی وزیر شازیہ مری نے سابق وزیر اعظم پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے اپنے چار سالہ اقتدار میں عوام کو مہنگائی ، بے روزگاری کہ سوا کچھ نہیں دیا عمران خان نے عوام سے جو وعدے کئے ان سے مکمل انحرافی کی مہنگائی کا طوفان ہمارا نہیں پچھلی حکومت کا لایا ہواہے ہمیں اقتدار کا شوق نہیں ملک کو دلدل سے نکالنے کے لیے حکومت میں آئے ہیں اگر عمران خان کو آئینی طریقے سے رخصت کرکے حکومت میں نہ آتے تو ملک معاشی دیوالیہ ہوجاتا

شازیہ مری نے کہا کہ عمران خان کو سڑکوں پر الزمات لگانے کی بجائے پارلیمنٹ میں آ کر اپنی حکومت کی کارکردگی کا جواب دینا چائیے شازیہ مری نے کہا بی آئی ایس پی 2008 میں صدر آصف علی زرداری نے شہید رانی بینظر بھٹو کے مشن کو پایا تکمیل تک پہنچانے کے لئے قائم کیا اور 2010 میں پارلیمنٹ سے ایک ایکٹ کے ذریعے اس کو قانونی شکل دی لیکن ماضی میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کوختم کرنے کی کوشش کی گئی جو الحمد اللہ ناکام ہو ئی

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی مستحق خواتین کی سہولت کے لئے تحصیل کی سطح پر بی آئی ایس پی کے دفاتر کھولے جائیں گے ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان کے مابین پانی کے تنازعے کو غیر ضروری طور پر اچھالا گیا ہے اس سارے معاملے کی ذمہ داری انڈس ریور اتھارٹی پر عائد ہوتی ہے جس نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا پانی کے معاملات کو ارسا کے معاہدے 1991 کے تحت حل کیا جانا ضروری ہے اس موقع پر وفاقی وزیر شازیہ مری نے چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے کوئٹہ پریس کلب کے لئے دس لاکھ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا ۔