پولیس کسی بھی قسم کے دباؤ کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی انجام دہی میں رکاوٹ نہ بننے دے، وزیراعظم شہباز شریف

136

لاہور ۔3جولائی (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے پولیس حکام کو ہدایت کی ہےکہ وہ کسی بھی قسم کے دباؤ کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی انجام دہی میں رکاوٹ نہ بننے دیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔وزیر اعظم آفس پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اتوار کو لاہور میں صوبہ پنجاب میں امن و امان کی صورت حال کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی، چیف سیکرٹری پنجاب، آئی جی پنجاب پولیس اور پنجاب پولیس کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیراعظم کو صوبہ پنجاب میں امن و امان کی صورت حال پر تفصیلی بریفننگ دی گئی۔

وزیراعظم نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی قسم کے دباؤ کو اپنی پیشہ ورانہ زمہ داریوں کی انجام دہی کی راہ میں رکاوٹ نہ بننے دیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پولیس کو جدید چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے کے لیے خاطر خواہ فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ ناقص کارکردگی اور سست روی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔