ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس اسلام آباد اور گرین اسٹار سوشل مارکیٹنگ کے اشتراک سے آبادی کا عالمی دن منانے کیلئے تقریب کا انعقاد

135

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس اسلام آباد نے گرین اسٹار سوشل مارکیٹنگ (جی ایس ایم) کے اشتراک سے بدھ کو یہاں آبادی کا عالمی دن منانے کیلئے تقریب کا اہتمام کیا۔

اس سلسلہ میں ایف۔نائین پارک میں واک کا بھی انعقاد کیاگیا جس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) اسلام آباد ڈاکٹر محمد زعیم ضیاء، ایڈیشنل (ڈی ایچ او) ڈاکٹر راشدہ، سٹی منیجر گرین سٹار اسلام آباد مسز عالیہ فہد، لیڈی ہیلتھ ورکرز،لیڈی ہیلتھ وزٹرز،ستارہ باجیز (جی ایس ایم کی ورک فورس) سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شدید بارش کے باوجود شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی ایچ او اسلام آباد ڈاکٹر زعیم ضیاء نے کہا کہ آبادی ایک عظیم اثاثہ ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ اگر ہم اس کی صلاحیت کو بروئے کار نہیں لاتے تو یہ ذمہ داری بن جاتی ہے۔ انہوں نے کہ پاکستان میں آبادی سب سے بڑا چیلنج ہے جس پر توجہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پاکستان میں شرح پیدائش کو کم کرنے اور ملک کے نوجوانوں پر سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔

عالیہ فہد نے ڈی ایچ او آفس اسلام آباد کو خاندانی منصوبہ بندی کی حمایت اور اہمیت کو اجاگر کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کاروباری ماڈل پر نظرثانی کرنے کی ضرورت ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ پاکستان کی شادی شدہ خواتین جو خاندانی منصوبہ بندی کی اشیاء تک رسائی حاصل کرنا چاہتی ہیں، وہ ان تک رسائی حاصل کر سکیں۔