دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں فرزندان اسلام نے فریضہ حج کی سعادت حاصل کی، شیخ محمد بن عبدالکریم العیسی نے خطبہ حج دیا

339

مکہ مکرمہ۔8جولائی (اے پی پی):دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں فرزندان اسلام نے جمعہ کو فریضہ حج کی سعادت حاصل کی، میدانِ عرفات میں مسجدِ نمرہ میں رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر شیخ محمد بن عبدالکریم العیسی نے خطبہ حج دیا۔ انہوں نے خطبہ حج میں کہا کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، محمدﷺ اللہ کے آخری رسول اور بندے ہیں، آپۖ کے بعد نبوت کاسلسلہ بند ہوچکا ہے۔

انہوں نے خطبہ حج میں کہا کہ اسلامی اقدار کا تقاضا ہے کہ جو چیز نفرت کا باعث بنے اس سے دور ہوجائیں، اللہ تعالی سے ڈرنے میں ہی کامیابی ہے، تقوٰی اختیار کرنے والا اللہ تعالی کا قرب حاصل کرتا ہے، آپ کی مصیبت اللہ تعالی کے سوا کوئی دور نہیں کرسکتا، نیکی کرنے میں ہمیشہ جلدی کرو، نبی کریمﷺ نے فرمایا کہ قیامت کے دن میرے قریب وہ ہوں گے جن کااخلاق اچھا ہوگا، مسلمانوں روزے رکھو، زکوٰة دو اور نماز ادا کرو، اللہ تعالی وحدہ لاشریک ہے اس کے سوا کوئی معبود نہیں، اسی کی ہی عبادت کرنی چاہئے، اللہ تعالی سے ڈرتے رہو اور اپنی نمازوں کی حفاظت کرو۔

شیخ محمد بن عبدالکریم نے خطبہ حج میں کہا کہ تمام مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں، ان کوچاہیے کہ وہ آپس میں اخوت سے رہیں، امت مسلمہ کو اس وقت اتفاق اور اتحاد کی ضرورت ہے، نیکی کے کاموں میں پہل کرو اوربرائی سے بچو، ہرشخص یہ جان لے کہ اللہ تعالی وحدہ لا شریک ہے، اس کے سوا کوئی معبود نہیں اور وہ ہرچیز پرقادر ہے، اسی کی عبادت کرنی چاہیے۔ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے خطبہ حج میں کہا کہ جو شخص استطاعت رکھتا ہو وہ حج کرے، معاشرے کے کمزور طبقوں کی کفالت کی ذمہ داری لے، اپنے والدین، ازواج اوربچوں کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آئے۔

انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ کی رحمت احسان کرنے والوں کے قریب ہے، نبی کریمﷺ نے ہمیشہ عاجزی اور انکساری کاحکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ عاجزی اورانکساری اللہ تعالی کو بہت پسندہے، ہرشخص یہ جان لے بہت تھوڑے وقت کے بعد ہم نے اللہ کے حضور حاضر ہونا ہے اوراس نے ہر شخص سے اعمال کے متعلق جواب لینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تقوی اختیارکرنا چاہیے، متقی لوگ اللہ تعالی کے قریب ہوتے ہیں۔ انہوں نے خطبہ حج میں کہا کہ اللہ تعالی سے ڈرنے میں ہی کامیابی ہے، اللہ نے فرمایا ہے کہ متقی کے لیے جنت کی خوشخبری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی اقدار کا تقاضہ ہے کہ جو چیز نفرت کا باعث بنے اس سے دور ہوجائیں، نبی کریمﷺ نے فرمایا ہے کہ قیامت کے دن میرے ساتھ وہ ہوگا جس کا اخلاق اچھا ہے، آپ کی مصیبت اللہ کے سوا اور کوئی دور نہیں کرسکتا۔ حج کے رکن ا عظم وقوف عرفات کے دوران حجاج کرام نے مسجدِ نمرہ اور میدان عرفات کے دیگر تمام حصوں میں ظہر اور عصر کی نمازیں ایک ساتھ ادا کیں۔ اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، دنیا کے مختلف ملکوں سے آئے ہوئے لاکھوں حجاج کرام نے رو رو کر اللہ تعالی سے مغفرت اور اس کے فضل و کرم کی دعا کی۔

غروب آفتاب کے وقت حجاج مزدلفہ روانہ ہوجائیں گے جہاں وہ مغرب اور عشا کی نمازیں ایک ساتھ اداکریں گے اور رات کھلے آسمان تلے گزاریں گے اور رمی کیلئے کنکریاں جمع کریں گے۔ حجاج کرام کل 10 ذی الحجہ کو منی پہنچیں گے اور شیطان کو کنکریاں ماریں گے، قربانی اور حلق کے بعد وہ احرام کھول دیں گے اور طواف زیارت کیلئے حرم شریف جائیں گے۔