ملک بھر میں عید الاضحیٰ اتوار مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جائے گی، اسلام آباد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوگا

375

اسلام آباد۔8جولائی (اے پی پی):ملک بھر میں عید الاضحیٰ اتوار کو مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جائے گی، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوگا۔ چاروں صوبائی دارالحکومتوں لاہور ، کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں بھی عید گاہوں اور جامع مساجد میں نماز عید کے بڑے اجتماعات ہونگے۔

لاہور میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع تاریخی بادشاہی مسجد میں ہوگا، کراچی، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے تمام شہروں اور قصبوں میں عید الاضحیٰ کے اجتماعات میں ملک کی سالمیت، ترقی اور بقاءکے لئے دعائیں کی جائیںگی۔

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر میں بھی عید الاضحیٰ روایتی مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جائے گی۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق ملک بھر میں عید الاضحیٰ اتوار کو منائی جارہی ہے ۔