لاہور۔8جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انویسٹمنٹ چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ خطے کے ممالک کو جوڑنے اور خوشحالی کا نیا ماڈل ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی ریجنل انٹیگریشن سنٹرکے زیر اہتمام چائنیز ایمبیسی کے اشتراک سے بیلٹ اینڈروڈ منصوبہ کا علاقائی روابط کے فروغ میں کردار پر تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کی اختتامی تقریب سے الرازی ہال میں خطاب کررہے تھے۔
اس موقع پر سابق وائس چانسلرپنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر سلیم مظہر،قازقستان کے سفیر یرزہان کستافن، انڈوشین سفیر آدم ملاورمان ٹوگیو، ازبک سفیرایبک اے عثمانوف، ڈپٹی ہیڈآف مشن ایمبسی آف آذربائیجان تیمرلن خلیلوف، وائس چانسلر میاں نواز شریف ایگریکلچر یونیورسٹی فیصل آبادڈاکٹر آصف علی،پی آر سی سی ایس ایف کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کرنل (ر)خالد تیمور، ڈائریکٹر ریجنل اینٹگریشن سنٹر ڈاکٹر فوزیہ ہادی علی،فیکلٹی ممبران سمیت 20 پاکستانی یونیورسٹیوں کے علاوہ 18 ممالک سے محققین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اپنے خطاب میں چوہدری سالک حسین نے کہا کہ چین کا منصوبہ بیلٹ اینڈ روڈ سنٹرل ایشیا، جنوبی ایشیا، جنوب مشرقی ایشیا ،مڈل ایسٹ، یورپ اور روس کو جوڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کے لئے خطے کے ممالک کے مابین تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، منصوبے سے خطے کے ممالک کے مابین عوامی و ثقافتی روابط بہتر ہوں گے۔ چوہدری سالک حسین نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ خطے کے بہتر مستقبل کی امید ہے، سی پیک پاکستان میں ایکسپورٹ اور انویسٹمنٹ کے مواقع بڑھائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے این او سیز کا مرحلہ آسان کریں گے۔ انڈونیشیا کے سفیر آدم توگیو نے کہا کہ انڈونیشیا اور پاکستان کا جغرافیائی محل وقوع اہمیت کا حامل ہے اور دونوں ممالک کو تجارتی تعاون کو فروغ دینا چاہئے۔ قازقستان کے سفیر یزرحان کستافن نے کہا کہ مجودوہ دور میں خطے کے مابین روابط بڑھانا ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قازقستان ایک لینڈ لاکڈ ملک ہے تاہم بی آر آئی ممالک کو ایک دوسرے سے جڑنے کے بہترین مواقع پیدا کر سکتا ہے۔
آزربائیجان کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن تیمرلن خلیلوف نے کہا ہے کہ باہمی روابط سے سماجی و معاشی ترقی اور سیاحت میں اضافہ ہو گا۔ آزربائیجان بی آر آئی منصوبے میں شامل ہونے کے لئے مکمل تیار ہے۔ ڈاکٹر محمد سلیم مظہر نے کہا کہ پہلی مرتبہ سنٹرل ایشیا سے بڑی تعداد میں مندوبین کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیاں سماجی و معاشی ترقی کا اہم ذریعہ ہوتی ہیں،۔
انہوں نے کہا کہ خطے کے ممالک کے مابین تعلقات کو ترجیحی بنیادوں پر فروغ ملنا چاہیے۔ کانفرنس کے شاندار انعقاد پر کرنل خالد تیمور ریٹائرڈ، ڈاکٹر فوزیہ ہادی علی، اسسٹنٹ رجسٹرار تاشفین اور مریم کی خدمات کو سراہا گیا۔