وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان کا عیدالاضحیٰ پر پیغام

40
سینیٹر شیری رحمان

اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان لوگوں سے مون سون کی بارشوں میں صفائی ستھرائی کا خصوصی خیال رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس سال عید مون سون کی شدید بارشوں کے دوران منا رہے ہیں۔ہفتہ کے روز عیدالاضحیٰ کے حوالے سے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس سال خشک سالی کے بعد معمول سے زیادہ مون سون کی بارشیں ہو رہی ہیں،سندھ اور بلوچستان میں 30 سال کی اوسط سے زیادہ بارشیں ہو رہی ہیں اور ان شدید بارشوں کی وجہ سے چھوٹے بڑے شہروں میں پانی کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا چونکہ ہمارے نالوں اور سیوریج کے نظام پر پہلے ہی بارشوں کے پانے کا دبائو ہے ،لہذا لوگوں سے گزارش ہے قربانی کسی مخصوص اور مختص شدہ جگہ پر کریں کیونکہ گلی گلی میں قربانی کرنے سے آلودگی بڑھے گی اور نالے بند ہو جاتے ہیں، لہذٰا جانوروں کی کھالیں اور آلائشوں کو کھلی جگہ اور گلیوں میں نہ پھینکیں۔

انہوں نے کہا کہ پلاسٹک کی تھیلیوں اور بوتلوں کے استعمال سے گریز کریں کیونکہ تمام تر خطرناک فضلہ آلودگی اور پانی کی نکاسی میں رکاوٹ کا سبب بنتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ذمہ دار شہری کی طرح بارشوں کو مد منظر رکھتے ہوئے قربانی کے وقت صفائی کا خیال رکھیں۔