مشکل وقت گزر چکا، آنے والا وقت عوام کیلئے خوشخبریاں لے کر آئے گا، مریم نواز کا پینسرہ انٹرچینج پر استقبالیہ سے خطاب

69

جھنگ/گوجرہ۔12جولائی (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ مشکل وقت گزر چکا، آنے والا وقت عوام کیلئے خوشخبریاں لے کر آئے گا، موسمی صورتحال کے باوجود عوام کا جم غفیر محمد نواز شریف سے عوام کی محبت کا عکاس اور مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا مظہر ہے، ہمارا مقابلہ عمران خان سے نہیں پنجاب کی ترقی کے مخالفین، نااہلی اور مہنگائی سے ہے، 17 جولائی کا سورج نواز شریف کے امیدوار محمد اسلم بھروانہ کی کامیابی کی نوید لے کر طلوع ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار مریم نواز نے منگل کو جھنگ کے انتخابی حلقوں کے دورہ کے موقع پر پی پی 127 گوجرہ موڑ کے قریب پینسرہ انٹرچینج پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گوجرہ موڑ پہنچنے پر کثیر تعداد میں پارٹی کارکنوں اور حلقہ کے عوام نے مریم نواز پرتپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مشکل وقت گزر چکا ہے، آنے والے وقت عوام کیلئے خوشخبریاں لے کر آئے گا، وزیراعظم شہباز شریف نے پہلے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا اور اب عوام کو ریلیف دینے کیلئے کوشاں ہیں، ان شاء اﷲ جلد وزیراعظم شہباز شریف عوام کیلئے ایک بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گوجرہ اور جھنگ کے عوام اگر مہنگائی کا خاتمہ چاہتے ہیں تو مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو کامیاب کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا عمران خان سے نہیں بلکہ مہنگائی، بے روزگاری، نااہلی اور پنجاب دشمنی سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارش اور حبس کے باوجود کارکنوں کی کثیر تعداد میں شرکت پر خوشی ہوئی، پارٹی کارکنوں اور شہریوں کا جم غفیر عوام کی محمد نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا مظہر ہے، ان شاء اللہ 17 جولائی کو شیر ایک بار پھر آ رہا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ جھنگ کی ترقی کیلئے شیر کو کامیاب کرائیں، عوام کی قسمت بدلنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔