وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز نے عید ایس او ایس ویلج میں گزاری، بے سہارا یتیم بچوں اور سٹاف کو عید کی مبارکبادتحائف اورعیدی بھی دی

201

لاہور۔12جولائی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب محمد حمزہ شہباز عید کے روز ایس او ایس ویلج پہنچ گئے اور مقیم بے آسرا بچوں و بچیوں کے ساتھ بیشتروقت گزارا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے ایس او ایس ویلج میں بچوں و بچیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خوشی کے اس تہوار پر یتیم بچوں کے سر پر دست شفقت رکھنے آیا ہوں۔

نبی رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان پڑھا تھا کہ بچوں سے محبت کرنے والے اور ان کے چہرے پر خوشیاں بکھیرنے والے جنت میں بیت الفرح میں داخل ہوں گے۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز عید کی مبارک باد دیتے ہوئے بچوں و بچیوں میں گھل مل گئے ۔

انہوں نے بچوں و بچیوں اور ایس او ایس ویلج سٹاف کو عیدی بھی دی ۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے لائبریری اور کمیونٹی سنٹر کا بھی وزٹ کیا۔وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز نے ایس او ایس ویلج کو سولر پر منتقل کرنے اور سولر پینل دینے کا اعلان بھی کیا۔عمران گورایہ، ماجدظہور، کمشنر لاہورڈویژن، سیکرٹری اطلاعات، ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں عیدالاضحی پرصفائی کے تسلی بخش انتظامات پر ایل ڈبلیو ایم سی اور دیگر متعلقہ اداروں کو شاباش دی ۔

وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز نے وڈیو پیغام میں کہا کہ عید الاضحی پر پنجاب بھر میں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات گڈ گورننس کا عملی ثبوت ہے۔ انتظامیہ نے صفائی ستھرائی کے حوالے سے ہدایات پر عمل کیا اور چھوٹے بڑے شہروں میں عمدہ انتظامات کئے گئے اب بھرپور محنت کرکے پنجاب کے عوام کو 2018 والا صوبہ لوٹائیں گے۔ لاہور کی خوبصورتی واپس لائیں گے۔بعد ازاں وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج سیاست سے زیادہ ریاست اور معیشت کو سنبھالا دینے کی ضرورت ہے۔

ان حالات میں اگر کوئی سیاست کی آڑ میں ملک کی خدمت میں رکاوٹ ڈالتا ہے تو قوم ایسے لوگوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ آئینی بحرانوں کے باوجود ہم نے کام کر کے دکھایا۔سستا آٹا اور تمام ہسپتالوں میں مفت ادویات مل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کس منہ سے عوام کی بات کرتے ہیں۔مفت بجلی پر یہ الیکشن کمیشن پہنچ گئے کہ عوام کو اس قیامت خیز مہنگائی میں مفت بجلی کیوں مہیا کی جارہی ہے اسے روکا جائے۔

پنجاب کی عوام گواہ ہیں کہ مفت بجلی دینے والے کون تھے اورمفت بجلی کا حق چھننے والے کون؟ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے نماز عید کی ادائیگی کے بعد رائیونڈ میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں سے ملاقات کی اور عید کی مبارکباد دی۔وزیراعلیٰ نے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی منڈی میں پٹرول سستا ہوا۔وزیراعظم محمد شہبازشریف آنیوالے دنوں میں پٹرول کی قیمت کے حوالے سے عوام کو بڑی خوشخبری دیں گے۔