ن لیگی کارکنان”عمرانی کارکنوں “سے سامنا ہونے پر قانون کو ہاتھ میں لینے یا ان سے الجھنے کی بجائے موبائل فون سے انکی ویڈیو بنا کر ڈائیریکٹر سائیبر کرائم ایف آئی اے کو ارسال کردیں، وزیر داخلہ راناثناءاللہ خان کا ٹویٹ

93

اسلام آباد۔12جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ راناثناءاللہ خان نے کہا ہے کہ ن لیگی کارکنان کادوران سفر، بازار یا کسی بھی جگہ ”عمرانی کارکنوں“ سے ہوجائے اور وہ آپ سے الجھیں تو آپ قانون کو ہاتھ میں لینے یا ان سے الجھنے کی بجائے اپنے موبائل فون سے انکی ویڈیو بنائیں،سب کی قابل شناخت ویڈیوز ڈائیریکٹر سائیبر کرائم ایف آئی اے کو ارسال کردیں، وٹس ایپ کے ذریعے بھیج دیں یاسوشل میڈیاکے ذریعے ایف آئی اے کو ٹیگ کر دیں۔

منگل کو اپنے ٹویٹ میں وزیر داخلہ رانا ثناء الله نے کہا کہ ایک نام نہاد سیاسی جماعت اور پاگل پن کے شکار اس کے لیڈر کی طرف سے سیاسی نفرت، بغض، فتنہ اور فساد پر مبنی مہم جوئی اور اس کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کی خاطر میں تمام پاکستانی شہریوں بالخصوص مسلم لیگ (ن) کے احباب سے مخاطب ہوں۔

عمرانی کارکن ایک ہو یا زیادہ ان کی موصول ہونے والی قابل شناخت ویڈیوز پر بھرپور کارروائی،اندراج مقدمہ، گرفتاری حتیٰ کہ شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کو بلاک کرنے کی کارروائی عمل میں لائی جائیگی تاکہ شہریوں کے آئین پاکستان کے آرٹیکل 15 میں دئیے گئے ”فریڈم آف موومنٹ “ کے حق کاتحفظ یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ”اگر عمرانی کارکن پھر بھی اس دوران آپ سے ہاتھا پائی پر اتر آئیں تو اپنے دفاع کے قانونی حق کا استعمال کریں۔