وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے آئی سی سی آئی اور آر سی سی آئی کے صدور کی ملاقات

72

اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ میکرو اکنامک استحکام موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔معاشی ترقی کو حاصل کرنے کے لئے موثر اور کاروبار دوست پالیسیوں کے ذریعے مالیاتی نظم و ضبط کو یقینی بنانے پر توجہ دے ر ہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر محمد شکیل منیر اور چوہدری نعیم اے رؤف، صدر راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) سے فنانس ڈویژن میں ملاقات کے دوران کیا۔

چیئرمین ایف بی آر، فنانس ڈویژن اور ایف بی آر کے سینئر افسران اور مختلف کاروباری شعبوں کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔ تاجر برادری کے اراکین نے ملاقات پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا اور وفاقی بجٹ 2022-23 میں مختلف شعبوں پر ٹیکس لگانے سے متعلق متعدد مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اپنے مسائل حل کرنے کی درخواست کی اور مختلف شعبوں میں کارکردگی لانے کے لیے حکومت سے تعاون طلب کیا۔

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے تاجروں کا خیرمقدم کیا اور ملک میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں تاجر برادری کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہاکہ میکرو اکنامک استحکام موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور موجودہ حکومت معاشی ترقی کی سطح کو حاصل کرنے کے لیے موثر اور کاروبار دوست پالیسیوں کے ذریعے مالیاتی نظم و ضبط کو یقینی بنانے پر توجہ دے رہی ہے۔

وزیر خزانہ نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ تاجر برادری سے باقاعدہ رابطے اور مشاورت سے ان کے مسائل کو ترجیحی طور پر حل کریں گے۔ وزیر خزانہ نے موجودہ حکومت کے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک میں پائیدار ترقی کے حصول کے لیے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے اور کاروباری برادری کو سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔وفد نے تعاون اور حمایت پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔