وفاقی وزیرپروفیسر احسن اقبال سے اقوام متحدہ کے محکمہ اقتصادی و سماجی امور کے انڈر سیکرٹری جنرل کی ملاقات

75

اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقیات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال سے اقوام متحدہ کے محکمہ اقتصادی و سماجی امور کے انڈر سیکرٹری جنرل لیو زینمین نے اعلیٰ سطح کے سیاسی فورم 2022 کے سیشن کے موقع پر ملاقات کی۔یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے اعلیٰ سطح کے سیاسی فورم کے دوران مختلف ممالک کی جانب سے پیش کئے گئے رضا کارانہ قومی جائزے (وی این آر) کی حمایت پر اقوام متحدہ کے محکمہ اقتصادی و سماجی امور کا شکریہ ادا کیا ۔ اعلیٰ سطح کا سیاسی فورم اقوام متحدہ کا اہم پلیٹ فارم ہے جو ایس ڈی جیز کے ایجنڈا 2030 کے جائزے اور فالو اپ کا مستند پلیٹ فارم ہے۔

یہ ایجنڈا غربت اور بھوک کے خاتمے، اچھی صحت ، اقتصادی ترقی اور خوبصورت کام ،عدم مساوات کے خاتمے ، مناسب مصرف اور پیداوار موسمیاتی کارروائی ، امن انصاف اور مضبوط ادار ے اور گہری شراکت داری پر مشتمل ہے۔ اس سیشن کے دوران احسن اقبال نے ڈپٹی سیکرٹری جنرل امینہ محمد سے بھی ملاقات کی۔