اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سینیٹر پروفسیر ڈاکٹر مہر تاج روغانی کے شوہر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے مدینہ منورہ سے سینیٹر پروفسیر ڈاکٹر مہر تاج روغانی کو ٹیلی فون کیا اور ان کے اہلخانہ سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں ڈاکٹر مہر تاج روغانی کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تبارک تعالیٰ مرحوم کی مغفرت اور درجات بلند کرے اورغم زدہ خاندان کو یہ صدمہ صبرو حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر مرزا محمد آفریدی، قائد ایوان سینیٹ سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی سینیٹر پروفسیر ڈاکٹر مہر تاج روغانی کے شوہر کے انتقال پر اہل خانہ کے ساتھ افسوس اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔