چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرصدارت اجلاس، صوبائی اسمبلی پنجاب کے 20حلقوں میں ضمنی انتخابات کے پرامن انعقاد کویقینی بنانے کے لئے ہدایات جاری

309

اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نےصوبائی الیکشن کمشنر پنجاب ،تمام ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران ، ریٹرننگ افسران اور ڈسٹرکٹ مانیٹرننگ افسران کوہدایت کی ہے کہ پولنگ سے قبل،پولنگ کے دوران یانتائج کی تیاری کے مرحلہ میں کہیں بھی شر پسند عناصر پرامن ماحول کو خراب کریں تو قانون نافذکرنے والے اداروں کو تحریری طور پر مطلع کیاجائے اور ایسے افراد کے خلاف آئین اور قانون کے مطابق سخت کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس جمعرات کو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت ہوا ۔

اجلاس میں صوبائی اسمبلی پنجاب کے 20حلقوں میں ضمنی انتخابات کے پرامن انعقاد کویقینی بنانے کے لئے درج ذیل ہدایات جاری کی گئیں۔صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب ،تمام ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران ، ریٹرننگ افسران اور ڈسٹرکٹ مانیٹرننگ افسران کوہدایت دی گئی کہ اگر پولنگ سے قبل،پولنگ یانتائج کی تیاری کے دوران اگر کہیں بھی شر پسند عناصر الیکشن کے ماحول کو خراب کریں یا خراب کرنا چاہے تو قانون نافذکرنے والے اداروں کو تحریری طور پر مطلع کیاجائے اور ایسے افراد کے خلاف آئین اور قانون کے مطابق سخت کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔

چیف الیکشن کمشنر نے چیف سیکرٹری پنجاب، آئی جی پنجاب اور متعلقہ اداروں کےاعلی عہدیداران سے ذاتی طور پر ٹیلی فون پر بات کی اور انہیں انتخابات کے دوران پر امن ماحول کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہیں ہدایات جاری کی گئیں کہ کسی بھی انتخابی حلقے میں ہر قسم کے اسلحے کی نمائش ممنوع ہےاور کسی شخص،امیدوار یا پارٹی کے کارکنان کو اسلحے کی نمائش کی اجازت نہیں ہے۔کسی دوسرے ضلع یا صوبے سے اسلحہ برادر شخص کو صوبہ پنجاب میں داخلے کی اجازت نہ دی جائے۔

یہ بھی ہدایات جاری کی گئیں کہ اگر کوئی امیدوار اسلحہ بردار اکٹھے کرتا ہے اور اس کو اپنی سیاسی مہم یا الیکشن کے دوران استعمال کرتاہےتو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور اس کا کیس الیکشن کمیشن میں بھیجا جائے تاکہ ایسے امیدوار کے خلاف الیکشن قوانین کے تحت کارروائی کی جائے۔

الیکشن کمیشن نے یہ بھی واضح کیا کہ الیکشن کا پرامن انعقاد اور الیکشن کے دوران ووٹروں کو پرامن ماحول کی فراہمی الیکشن کمیشن اور قانون نافذکرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے لہذا اس ذمہ داری کو تمام ادارے قومی فریضہ سمجھ کر ادا کریں۔