فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد حجاج کی مدینہ منورہ آمد جاری

241
سرکاری سکیم کے تحت 46 ہزار پاکستانی عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ گئے

مدینہ منورہ ۔15جولائی (اے پی پی):فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد مختلف ممالک کے حجاج کی مدینہ منورہ آمد شروع ہوگئی ہے۔ سعودی خبررساں ادارے نے وزارت حج کے حوالے سے بتایا ہے کہ فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد حجاج کی مدینہ منورہ میں آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور اب تک 27 ہزار سے زیادہ حجاج مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔

سعودی وزارت کے مطابق حجاج کی مدینہ منورہ سے اپنے ملکوں کو روانگی کا پروگرام بھی شروع کردیا گیاہے۔ یومیہ بنیادوں پرحجاج کی فضائی اوربری راستوں سے اپنے ملکوں کو روانگی جاری ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ 2 روز میں مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیزبین الاقوامی ہوائی اڈے سے 1576 حجاج اپنے وطن روانہ ہوچکے ہیں جبکہ حجاج کی روانگی کا سلسلہ جاری ہے۔

پاکستان ، انڈیا اور بنگلہ دیش سے آنے والے حجاج مدینہ منورہ میں 8 دن قیام کرتے ہیں جبکہ عرب ممالک جن میں مصر، اردن ، امارات ، بحرین اورکویت شامل ہیں کے حجاج تین سے 8 دن تک مدینہ میں رہتے ہیں اس کے بعد اپنے ملکوں کو روانہ ہوجاتے ہیں۔

پاکستان سے براہ راست مدینہ منورہ آنے والے عازمین کی واپسی جدہ کے حج ٹرمنل سے ہوگی جبکہ وہ حجاج جو حج سے قبل مدینہ منورہ نہیں آئے تھے انہیں اب زیارت کےلیے مدینہ منورہ لانے کا سلسلہ جاری ہے جو 8 دن قیام کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہوں گے۔