انگلش کرکٹر بین سٹوکس کا ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

168
انگلش کرکٹر بین سٹوکس کا ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

لندن۔18جولائی (اے پی پی):انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بین سٹوکس نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، وہ (آج) منگل کو جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے کیریئر کا آخری میچ کھیلیں گے۔

اپنی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ مشکل تھالیکن اب تینوں فارمیٹس میں کھیلنا میرے لئے مشکل ہوگیا تھا، کیریئر کے دوران ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل کر بہت مزہ آیا،

میں ون ڈے کرکٹ میں100 فیصد پرفارم نہیں کر پارہا تھا، اب میں اپنی ساری توجہ ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی کرکٹ پر مرکوز کرسکتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ون ڈے کیریئر کے 104 میچوں میں ملک کی نمائندگی کرکے بہت لطف اندوز ہوا جبکہ اپنے ہوم گرائونڈ ڈرہم میں اپنے کیریئر کا آخری میچ کھیلنا میرے لئے بہت خوشی کی بات ہوگی۔

بین سٹوکس نے 2011ء میں آئرلینڈ کے خلاف ون ڈے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ سٹوکس نے ون ڈے میں 39.44 کی اوسط سے 2919 رنز بنائے جبکہ 74 وکٹیں بھی حاصل کیں۔