گال۔19جولائی (اے پی پی):پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر عبداللہ شفیق نے کہا ہے کہ گال ٹیسٹ میں ٹیم کو فتح دلوانا میرا ہدف ہے۔
منگل کو گال ٹیسٹ کے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر پوسٹ میچ پریس کانفرنس کے دوران عبداللہ شفیق نے کہا کہ یہ سنچری میرے لئے بہت خاص ہے کیونکہ گال میں چوتھی اننگز میں بیٹنگ کرنا آسان نہیں ہے۔
ہمارا پلان یہی تھا کہ ہم نے ہدف کا تعاقب کرنا ہے ، ہم نے ہدف کے قریب پہنچنے کے لئے سیشن سے سیشن تک چھوٹے چھوٹے ٹارگٹ رکھے ۔ انہوں نے کہا کہ جے سوریا نے اچھی بائولنگ کی، اس پچ پر انہیں کھیلنا مشکل تھا۔ ہم نے جے سوریا کو نشانہ بنایا اور اس کے خلاف سکور کرنے کے مواقع پیدا کئے۔
انہوں نے کہا کہ بابراعظم بہترین بیٹر ہیں اور میں ہمیشہ ان سے سیکھتا ہوں، ان کے ساتھ بیٹنگ کرکے کافی مدد ملی، وہ میری رہنمائی کرتے رہے۔
بابراعظم کے آئوٹ ہونے کے بعد میری ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے ، میری یہی کوشش تھی کہ وکٹ نہ دی جائے۔ عبداللہ شفیق نے کہا کہ میرا ہدف آخری روز ملک کے لئے یہ میچ جیتنا ہے۔