وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل سے پاکستان ایسوسی ایشن آف میڈیکل اینڈ ڈینٹل انسٹیٹیوشنز کے وفد کی ملاقات

109

اسلام آباد۔20جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی) کی بدعنوانیوں کا قانون کے مطابق جائزہ لے رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ایسوسی ایشن آف میڈیکل اینڈ ڈینٹل انسٹیٹیوشنز (پامی) کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

پامی کے وفد نے وزیر صحت کو بڑے پیمانے پی ایم سی کی بے ضابطگیوں اور بے قاعدگیوں پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ۔وفد نے پی ایم سی کی بڑے پیمانے پر ہونے والی بے قاعدگیوں اور بے ضابطگیوں کے بارے میں وائٹ پیپر بھی وفاقی وزیر عبدالقادر پٹیل کے حوالے کیا ۔

وفد نے امید ظاہر کی کہ پی ایم سی کی بے ضابطگیوں اور بے قاعدگیوں پر قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے ان کا سد باب کیا جائے گا ۔وفاقی وزیر عبدالقادر پٹیل نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ موجودہ حکومت پی ایم سی کی بدعنوانیوں کا قانون کے مطابق جائزہ لے رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے ہیلتھ کے اداروں کو مادر پدر آزاد کر دیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت میڈیکل کے شعبے میں بہتری کیلئے موثر اقدامات کو یقینی بنائے گی ۔