لاہور۔22جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کو تکبر،غرور اور فرعونیت پسند نہیں، عمران خان کو اس کا تکبر لے ڈوبا ہے،چوہدری شجاعت حسین دیرینہ، کہنہ مشق اور تجربہ کار سیاست دان ہیں ان کے فیصلے نے عمرانی فتنے کو دفن کردیا ہے ،عمرانی فتنے پر قاپو پانے کے بعد ڈالر پر بھی قابو پالیں گے،مسلم لیگ (ن)کی قیادت اور اتحادی جماعتوں کے قائدین چوہدری شجاعت حسین کے فیصلے کو سراہتے ہیں،پاکستان تحریک انصاف کیخلاف فارن فنڈنگ کا فیصلہ جلد آنا چاہئے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کی شب ماڈل ٹائون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور مسلم لیگ(ن)کے رہنما طلال چوہدری بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان اور اسکی پارٹی کی طرف سے پنجاب کے افسران کو دھمکیاں اور جو نازیبازبان استعمال کی گئی ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی، اللہ تعالیٰ نے مسلم لیگ( ن) اور اس کے اتحادیوں کو سرخرو کیا ہے اور عمرانی فتنے کو سرنگوں کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور اتحادی چوہدری شجاعت حسین کی جمہوریت کیلئے دی جانے والی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، وہ ایک تجربہ کار سیاست دان ہیں۔انہوں نے عمران خان کے تکبر انہ فیصلوں کو بھانپ لیا تھا اور انہوں نے اس فتنے اور فسادی ٹولے کو انجام تک پہنچانے کیلئے ہمارا ساتھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کو تکبر،غرور اور فرعونیت پسند نہیں،آج قوم کو ایک ناسور کی شناخت ہوگئی ہے ۔رانا ثنا ء اللہ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے حمزہ شہباز اکثریت سے پنجاب کے وزیر اعلیٰ منتخب ہوگئے ہیں، اس میں غریب عوام کی دعائیں بھی شامل ہیں اور خاص طور پر ان غریبوں کی دعائیں بھی جن کے بجلی کے بل معاف کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)نے عدالتوں کے فیصلوں کو ہمیشہ قبول کیا ہے اور اس پر عمل درآمد کیا ہے جبکہ عمرانی ٹولے نے نہ صر ف الیکشن کمیشن بلکہ اداروں کو بھی برا بھلا کہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن نے پہلے سے زیادہ ووٹ حاصل کیے ہیں ، عمران خان کو اس کا تکبر لے ڈوبا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ تھا کہ اپنی پارٹی کے خلاف ووٹ گنتی میں نہیں لایا جائے گا اور اس کا شکار 25 اراکین بنے اور 17جولائی کو پنجاب کے 20 حلقوں میں انتخابات کرائے گئے، جس کے بعد پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر نے اپنے پارٹی ہیڈ کی طرف سے اپنے اراکین کو یہ ہدایات دیں کہ آپ نے وزیر اعلیٰ کے امید وار کیلئے چوہدری پرویز الہی کو ووٹ دینا ہے ۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری کا بھی تہہ دل سے مشکور ہیں کہ انہوں نے فسادی ٹولے کو انجام تک پہنچانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیاحالانکہ ماضی قریب میں ہم نے آصف زرداری کی ہدایات پر ہی چوہدری پرویز الہیٰ کو وزیر اعلیٰ کا امید وار نامزد کیا تھا اور ان کے گھرجاکر دعائے خیر کرا ئی تھی۔اس موقع پر میڈیا کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم نے آئی جی پنجاب رائو سردار کو تبدیل نہیں کیا وہ قابل عزت اور دیانتدار افسر ہیں ،جب انہیں عمرانی ٹولے نے برا بھلا کہنا شروع کیا تو انہوں نے دودن پہلے مزید کام کرنے سے معذرت کرلی تھی جس کے بعد نیا آئی جی تعینات کیاگیا۔
انہوں نے کہا کہ شیخ رشید گزشتہ دوماہ سے غائب تھے جو 17جولائی کو ضمنی انتخابات کے بعد نمودار ہوئے جو کل سے پھر غائب ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا ملک میں کسی کو فتنہ فساد پھیلانے کی اجازت نہیں اور اس حوالے سے عدلیہ کو بھی اپنا اہم کردار ادا کرنا ہوگا ، ان فسادیوں کی سازش کوسمجھنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ میاں نواز شریف آئندہ انتخابات سے قبل وطن واپس آجائیں اور اپنی پارٹی کی انتخابی مہم کو بھرپور طریقے سے چلائیں۔
وزیر داخلہ نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کیخلاف فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلد آنا چاہئے اور عمران خان کو اس بات کا پتا ہے کہ فیصلہ اس کے خلاف آئے گا۔انہوں نے کہاکہ نئے چیئر مین نیب کی تعیناتی کے بعد احتساب کا عمل موثر طریقے سے آگے بڑھے گا۔