وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر کا اسٹیٹ لائف کے جدید ترین ڈیٹا سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب

219

اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا ہے کہ اسٹیٹ لائف ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے نہ صرف اپنی خدمات اور استعداد کار میں مزید بہتری لا رہا ہے بلکہ معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کیلئے صحت کی مد میں ناگہانی اخراجات سے نمٹنے کیلئے بھی مختلف قسم کے منصوبوں کا اجراء کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں بدھ کو اسٹیٹ لائف کے جدید ترین ڈیٹا سنٹر کے افتتاح کے موقع پر کیا۔

انہوں نے اسٹیٹ لائف کے ان تمام اقدامات کا ذکر کیا جن کا اسٹیٹ لائف نے آغاز کیا جن میں پاکستان بھر سے ڈیجیٹل ذرائع سے پریمیئم کی ادائیگی، ای۔کلیمز اور ای پیمنٹ کے ذرائع ان تمام رجسٹرڈ ہسپتالوں جو مریضوں کو صحت کی سہولت فراہم کر رہے ہیں،کو رقم کی ادائیگی ، ان اداروں کو خدمات کی فراہمی جو گروپ انشورنس کیلئے اسٹیٹ لائف سے مربوط ہیں اور ڈیجیٹل طریقہ کار سے شکایات کے اندراج اور ان کے حل، ملک بھر کے عوام کیلئے صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے کارپوریٹ انفرادی اور گروپس انشورنس کا آغاز شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات قابل اطمینان ہے کہ اسٹیٹ لائف ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے نہ صرف اپنی خدمات اور استعداد کار میں مزید بہتری لا رہا ہے بلکہ معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کیلئے صحت کی مد میں ناگہانی اخراجات سے نمٹنے کیلئے بھی مختلف قسم کے منصوبوں کا اجراء کر رہا ہے، خواتین کے سرطان سے بچائو کا پلان پاکستان میں اپنی نوعیت کا واحد پلان ہے جو خواتین کیلئے ہر قسم کے کینسر کے علاج کی سہولت فراہم کرتا ہے، ہاری پلان ملک بھر کے محنت کش کاشتکاروں کیلئے صحت کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مجھے یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی ہے کہ سال 2021ء میں اسٹیٹ لائف نے ریکارڈ بزنس کیا جس کا تسلسل 2022ء میں بھی جاری ہے، یہی وجہ ہے کہ اسٹیٹ لائف اس وقت ملک کی 14 کروڑ آبادی کو بیمہ زندگی اور بیمہ صحت کے میدان میں خدمات فراہم کر رہا ہے۔ اس موقع پر چیئرمین اسٹیٹ لائف نے مستقبل قریب میں خدمات کو مزید بہتر اور ڈیجیٹائز کرنے کے اقدامات مکمل کرنے کا عندیہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈیٹا سنٹر اور ٹیکنالوجی کے استعمال میں مزید اضافہ اسٹیٹ لائف کیلئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، ہم نے اپنی مصنوعات میں بہتری اور ٹیکنالوجی کے نپے تلے استعمال سے اسٹیٹ لائف کو تیز ترین ترقی کے حامل ادارے میں ڈھال لیا ہے، ہمارا اگلا ہدف پالیسی ہولڈرز کو فراہم کردہ خدمات میں مزید بہتری لانا ہے جو اسٹیٹ لائف کو ایک ایسا ادارہ بنا دے گی جس کی مصنوعات جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے اپنے پالیسی ہولڈر کی بے مثال خدمات پر ہوں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈیٹا سنٹر کے قیام سے عوام کو مختلف قسم کی معلومات خاص طور پر صحت کی سہولت حاصل کرنے کیلئے نزدیک ترین ہسپتالوں میں انشورنس کے تحت دی جانے والی خدمات، انشورنس کے تحت خرچ اور بقایا بچ جانے والی رقم اور شکایات کے اندراج اور ان کے حل، مل سکیں گی۔

اس کے علاوہ اس ڈیٹا سنٹر کے ذریعے علاج معالجہ کا ریکارڈ اور ملک کے مختلف علاقوں میں بیماریوں کی شرح بھی ریکارڈ کی جا سکے گی جن کی مدد سے صحت کی فراہمی کے متعلق پالیسیاں مرتب کرنے میں بھی آسانی ہو گی۔ ڈیٹا سنٹر سے ای۔کلیمز کے اجرائ، گروپ لائف کا انتظام اور رقم کی ڈیجیٹل ادائیگی ممکن ہو پائے گی جو کہ ڈیجیٹائزیشن، مؤثر خدمات، ماحول دوستی اور شفافیت کی جانب اہم اقدامات ہیں۔

اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن ملک کا واحد ٹرپل اے ریٹنگ کا حامل انشورنس ادارہ ہے جو ملک کی 14 کروڑ آبادی کو بیمہ زندگی اور بیمہ صحت کے ذرائع خدمات فراہم کر رہا ہے۔