مشیر خارجہ سرتاج عزیز ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کیلئے بھارت پہنچ گئے

122

اسلام آباد ۔ 3 دسمبر (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز ہارٹ آف ایشیا دو روزہ کانفرنس میں شرکت کیلئے ہفتہ کو بھارتی شہر امرتسر پہنچ گئے۔ بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط اور بھارتی جائنٹ سیکرٹری خارجہ امور نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا استقبال کیا۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کو ان کی رہائش گاہ پر پھول بھجوائے اور ان کی جلد اور مکمل صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ سرتاج عزیز ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے جس میں وہ افغانستان اور اس کے پڑوسی ممالک کے درمیان علاقائی تعاون اور افغانستان میں پائیدار امن کیلئے کوششوں پر توجہ مرکوز کریں گے۔سرتاج عزیز نے امرتسر کے مضافاتی ساﺅ اینڈ نامی ورثہ گاﺅں میں دورہ پر آئی ہوئی شخصیات کے اعزاز میں دیئے گئے ڈنر کی تقریب میں شرکت کی۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور افغان صدر اشرف غنی نے بھی بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ پرکاش سنگھ بادل کی میزبانی میں دیئے گئے ڈنر میں شرکت کی۔ سرتاج عزیز نے بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی سے مصافحہ بھی کیا۔ اتوار کو بھارتی وزیراعظم اور افغان صدر کانفرنس کا مشترکہ افتتاح کریں گے جس میں 14 ممالک سے آئے وزرائے خارجہ اور اہم شخصیات شرکت کر رہے ہیں۔