بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کی فوری بحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، وفاقی وزیر مواصلات

82
وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسد محمود اور ڈی جی پاکستان پوسٹ رانا حسن اختر کی ڈائریکٹر جنرل یونیورسل پوسٹل یونین سے ملاقات

اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود نے کہا کہ حالیہ شدیدبارشوں اور اس کے نتیجہ میں سیلاب کی صورت حال میں قومی شاہرات اور موٹرویز پر ٹریفک کی بحالی یقینی بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات عمل میں لائے جائیں، نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے تاکہ اتھارٹی کے ملک بھر میں موجود مینٹی نینس یونٹس اور فیلڈ فارمیشنز مسلسل رابطہ میں رہیںاور متاثرہ سڑکوں کی بحالی کیلئے فوری عملدرآمد کیا جاسکے۔

انہوں نے یہ بات وزارت مواصلات میں ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی،جس میں وفاقی سیکرٹری مواصلات و چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن(ر) محمد خرم آغا، وزارت مواصلات اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود کو موٹرویز اور قومی شاہرات پر بارشی اور سیلابی پانی کی صورت حال اور ٹریفک کی بحالی کیلئے عمل میں لائے گئے اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ انڈس ہائی وے پر 771-773 کلومیٹر اور780-782 کلومیٹر کے مقامات پر پانی سے شاہراہ متاثر ہوئی ہے، ڈیرہ غازی خان میں تعینات این ایچ اے اہلکار انڈس ہائی وے پر ٹریفک بحال کرنے کیلئے کوشاں ہیں اورعوام فوری سفر سے گزیر کریں۔ انڈس ہائی وے کے متاثرہ مقامات پر ٹریفک بحال کر دی گئی ہے۔ اسی طرح بلوچستان میں خضدار۔قوبہ سعید خان شاہراہ کے متاثرہ حصوں پر ضروری مشینری پہنچا دی گئی ہے۔

اجلاس کو بتایا گیاکہ جی ٹی روڈ این۔فائیو پر مینٹی نینس یونٹ وزیر آباد اور راولپنڈی بھی پوری طرح آپریشنل ہیں۔ اسی طرح سکھر۔سبی۔کوئٹہ قومی شاہراہ این۔65 کے مچھ سیکشن آب گم۔کولپور کے مقام پر شدید بار ش ہوئی۔ این ایچ اے کا عملہ اس سیکشن کو ٹریفک کیلئے کلیئر کرنے میں مصروف عمل ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیاکہ خیبر پختونخوا میں خوازہ خیلہ۔بشام روڈ، چکدرہ۔کالام روڈ اور چترال۔ شندرو روڈ ٹریفک کیلئے کھلی ہیں جبکہ نوشہرہ۔دیر۔چترال روڈ،لواری ٹنل (نارتھ بانڈ) بھی ٹریفک کیلئے کلیئر ہیں۔چترال۔گرم چشمہ۔شاہ سادم بارڈر روڈ کے متاثرہ حصوں کو بھی مکمل کلیئر کیا جارہاہے۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود کی خصوصی ہدایت پروفاقی سیکرٹری مواصلات و چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن(ر) محمد خرم آغا حالیہ شدید بارشوں اور سیلابی صورت حال کے پیش نظر این ایچ اے کے بلوچستان میں واقع نیٹ ورک کا جائزہ لینے کیلئے بلوچستان میں ہیں،جہاں وہ متاثرہ سڑکوں کی بحالی سے متعلقہ امور کا جائزہ لیں گے۔