قومی ٹیم کے لوئر آرڈر نے مایوس کیا،ٹیسٹ کرکٹ میں تحمل مزاجی کی ضرورت ہوتی ہے، بابراعظم

50
Babar Azam
Babar Azam

اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ لوئر آرڈر نے اپنی پرفارمنس سے مایوس کیا’ ٹیسٹ میچ میں تحمل مزاجی کی ضرورت ہوتی ہے’ گال ٹیسٹ میں بیٹنگ یونٹ تحمل مزاجی سے نہیں کھیلا۔ جمعرات کو گال ٹیسٹ میں شکست کے بعد پوسٹ میچ کانفرنس کے دوران قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ آخری روز کھیل شروع ہونے پر پچ بائولرز کے لئے سازگار نہیں تھی البتہ ہلکی بارش کے بعد وکٹ سے سپنرز کو مدد ملی لیکن پچ میں مسئلہ نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹنر شپ اچھی نہیں رہیں، مسلسل وکٹیں گرنے سے ان پر پریشر آیا۔ ہم نے بہت آسانی سے اپنی وکٹیں گنوائیں۔

سری لنکن سپنر جے سوریا نے تحمل کے ساتھ بائولنگ کی، وہ تسلسل کے ساتھ ایک لائن پر بائولنگ کرتے ہیں ،یہی ان کی خاصیت ہے۔ بابر اعظم نے کہا کہ سری لنکا میں کنڈیشنز آسان نہیں تھیں لیکن یہاں اچھا بھی ہوا اور برا بھی ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اب فوکس نیدرلینڈز کے خلاف ون ڈے سیریز پر ہو گا، کوشش ہوگی کہ خود کو مختصر وقت میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے مطابق ڈھالیں۔

بابراعظم نے کہا کہ ماضی میں بڑا ہدف حاصل کیا ہو تو اس سے اعتماد آتا ہے اسی اعتماد کے ساتھ اس میچ میں آئے تھے۔ ہمیں یقین تھا کہ ہم اس میچ میں یہ کر سکتے ہیں لیکن ہمارا بیٹنگ یونٹ تحمل کے ساتھ نہیں کھیلا بابر اعظم نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ ہماری ٹیم کی پرفارمنس میں بہتری آرہی ہے۔ ان کنڈیشنز میں پرفارم کرنا آسان نہیں تھا لیکن ہم اچھا پرفارم کیا۔ ہم نے کچھ چیزیں غلط بھی کیں جس پر ہم بات کریں گے۔