اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستانی وفد نے شنگھائی تعاون کی تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے تاشقند میں 28سے 29جولائی 2022کو ہونے والے اجلاس میں شرکت کے علاوہ مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے آفیشل ٹویٹر پر جاری ٹویٹس کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کے موقع پر اپنے قیام کے دوران شنگھائی تعاون تنظیم کے اپنے مختلف ہم منصبوں سے دوطرفہ اور وفود کی سطح پر ملاقاتیں کیں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے افغانستان کے قائم مقام ویر خارجہ امیر خان متقی نے ملاقات کی جبکہ اس دوران بلاول بھٹو نے چینی اپنے ہم منصب و سٹیٹ کونسلر وانگ ژی سے بھی ملاقات کی ۔ بلاول بھٹو زرداری نے قازقستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ تیلوبردی مختار سے وفد کی سطح پر دو طرفہ ملاقات کی ۔
دریں اثناء وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے کرغزستان کے وزیر خارجہ جین بیک کولو بائوف سے بھی ملاقات کی ۔ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاروف سے بھی ملاقات کی جنہوں نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو ماسکو دورے کی دعوت بھی دی ۔ اس دوران وزیر خارجہ سے ازبکستان کے قائم مقام وزیر خارجہ ولادی میر نوروف نے بھی ملاقات کی جبکہ تاجکستان کے وزیر خارجہ سراج الدین مہرالدین نے بھی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ وزیر خارجہ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے ہمراہ ازبکستان کے صدر شوکت مرزا یوف سے بھی مشترکہ ملاقات کی۔