وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت قلعہ سیف اللہ اور چمن کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے بعد اہم اجلاس

105

کوئٹہ۔1اگست (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے قلعہ سیف اللہ اور چمن کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے بعدکوئٹہ میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وِزیر اعظم نے ایک مرتبہ پھر جاں بحق ہونے والوں کے ورثا کو معاوضہ کی بر وقت ادائیگی کی ہدایت کی ۔

وزیر اعظم نے یہ بھی ہدایت کی کہ قلعہ سیف اللہ میں سیلاب متاثرین کی امداد کے حوالے سے جو کوتاہیاں ہوئیں اور جو شکایات سننے میں آئیں وہ دہرائی نہ جائیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ متاثرین کو ادویات اور کھانے پینے کی چیزیں ترجیحی بنیادوں پر پہنچائی جائیں ۔ انہوں نے امدادی سامان کی فراہمی کے تمام ریکارڈز کو محفوظ رکھنے کا بھی حکم دیا ۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے دورے اور متاثرہ علاقوں کا جائزہ لینے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت وزیر اعظم آفس کو ہر ممکن طور پر امداد اور بحالی کے کاموں سے آگاہ رکھے گی اور وزیر اعظم کی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا ۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر انسداد منشیات نوابزدہ شاہ زین بگٹی، وفاقی وزیر دفاعی پیداوار اسرار ترین اور چیئرمین این ڈی ایم اے موجود تھے۔