برطانیہ میں بسنے والے کشمیریوں نے تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے میں مثالی کردار ادا کیا ہے، پاکستان کے ہائی کمشنر معظم احمد خان 

62

برمنگھم۔1اگست (اے پی پی):برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر معظم احمد خان نے کہا کہ پاکستان کی کشمیر پالیسی اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے عین مطابق ہے، حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کو کسی بھی صورت میں نظر انداز نہیں کر سکتی، برطانیہ میں بسنے والے کشمیریوں نے تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے میں مثالی کردار ادا کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے زیر اہتمام برطانیہ کے شہر برمنگھم میں آل پارٹیز کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کی میزبانی تحریک کی مڈلینڈ برطانیہ کی چیئرپرسن آسیہ حسین نے کی جبکہ مہمان خصوصی برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر معظم احمد خان تھے۔

کانفرنس میں برمنگھم میں قائم پاکستانی قونصلیٹ کے قونصل جنرل سردار عدنان رشید اور وائس قونصل جنرل بختاور میر نے خصوصی شرکت کی۔ کشمیری راہنمائوں حافظ فضل احمد قادری سرپرست آل پارٹیز کشمیر کوآرڈینیشن کمیٹی برطانیہ، سیکرٹری جنرل صاحبزادہ محمد فاروق قادری، سابق صدر آل پارٹیز کشمیر کوآرڈینیشن کمیٹی برطانیہ چوہدری محمد عظیم، صدر تحریک کشمیر یورپ محمد غالب، اعزازی ایڈوائزر برائے صدر ریاست آزادجموں وکشمیر چوہدری خادم حسین، ڈپٹی لارڈ میئر مانچسٹر کونسلر یاسمین ڈار، سابق لارڈ میئر بریڈ فورڈ راجہ غضنفر خالق، برمنگھم کونسلر محمد ادریس، کونسلر ذاکر چوہدری اور کنزرویٹو پارٹی برمنگھم کے چیئرمین نے پاکستانی ہائی کمشنر کو برمنگھم میں خوش آمدید کہا اور راجہ نجابت حسین اور آسیہ حسین کو کانفرنس منعقد کرنے پر مبارک باد پیش کی۔

کانفرنس میں ڈاکٹر اینڈریو ہارڈی کنزرویٹو چیئرمین شیلی اوک، ڈاکٹر محمد اشرف، ڈاکٹر ساجد اشرف، نفیسہ ملک،، زاہدہ اقبال، ریحانہ، زاہدہ نذیر، تسنیم اختر، شمیم، زاہدہ، ثمینہ بی بی، نگہت عدنان، سارہ عدنان، نائلہ اقبال، سعدیہ اقبال، فردوس عثمانی، نگہت بیگ، عابدہ شفیق، خورشید بیگم، سلمی نصرت، لینیکا، غزالہ احمد، فیازہرین، شگفتہ ناز، فاروق خان ہیون ہومز، نوید باجوہ، غضنفر، ڈاکٹر محمد افضل، شاہد اقبال، زاہد خٹک، صائمہ ہارون، کنزرویٹو پارٹی کے راہنما ڈاکٹر شمس العارفین، راجہ سکندر خان، چوہدری محمد بشیر، ذیشان عارف، عبدالرئوف مغل، راجہ ارشد محمود، عمران منور، سید عابد کاظمی، سرفراز، افتخار احمد، شعیب، ناصر محمود راجہ و دیگر نے شرکت کی۔ راجہ نجابت حسین نے بھی مہمان خصوصی کو خوش آمدید کہا اور شرکاءکا شکریہ ادا کیا۔

پاکستانی ہائی کمشنر معظم احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل اور کل جماعتی رابطہ کمیٹی کے اکابرین کے مشکور ہیں جن کی کوششوں کی بدولت برطانیہ کے ہر ایوان میں ہر ٹائون ہال میں اور برطانیہ کے تقریبا ًتمام شہروں میں مسئلہ کشمیر بھرپور اور جاندار انداز میں اجاگر کیا جا رہا ہے۔ برطانیہ میں مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں کی جانب سے مسئلہ کشمیر کے سلسلہ میں کی گئی کوششوں کو پاکستانی ہائی کمیشن لندن انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین اور ان کی ٹیم بہت عرصہ سے ہر سفارتی محاذ پر مسئلہ کشمیر کے لئے موثر لابی مہم چلا رہے ہیں اور برطانیہ بھر میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لئے مضبوط آواز بلند کرتے چلے آ رہے ہیں، ہماری ہمیشہ سے ہی ہر ممکن کوشش ہوتی ہے کہ ہم برطانیہ میں مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں تک انتہائی مثبت انداز میں حکومت پاکستان اورپاکستانی عوام کا نقطءنظر پہنچاتے رہیں۔ پاکستانی عوام کی جانب سے بھی میں یہ یقین دلاتا ہوں کہ ریاست جموں وکشمیر کی آزادی کی اس تحریک میں، مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کروانے میں اور عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں ہم اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔

راجہ نجابت حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری تحریک سفارتی میدان میں انتہائی موثر لابی گروپ کا کام سر انجام دے رہی ہے اور ہماری تحریک ہمیشہ سے ہی مسئلہ کشمیر کو برطانیہ، یورپ اور دنیا کے دیگر ممالک میں اور بین الا قوامی فورمز پر اجاگر کرنے کے لئے سفارتی لابی سرگرمیاں کرتی رہتی ہے۔

راجہ نجابت حسین نے کہا کہ 15 اگست تک ہماری تحریک برطانیہ بھر میں مسئلہ کشمیر کے سلسلہ میں کانفرنسیں، سیمینارز و دیگر تقریبات منعقد کرے گی اور مسئلہ کشمیر کی سنگینی کو پوری دنیا تک پہنچایا جائے گا۔ہماری تمام تقریبات میں ماضی کی طرح تمام لوکل کونسلرز، میئرز، لارڈ میئرز اور برطانوی ممبران پارلیمنٹ اپنی بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں گے اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لئے اپنی آوازیں بلند کریں گے۔

راجہ نجابت حسین نے کہا کہ ہماری تحریک کی عالمی سفارتی لابی سرگرمیوں کی بدولت برطانوی اور یورپی پارلیمنٹ میں متعدد کشمیر بحث مباحثے منعقد کئے جاچکے ہیں اور عالمی برادری کا سفارتی و دیگر دبائو بھارت پر بڑھانے کے لئے عملی کام جاری ہے۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے سلسلہ میں بھارت پر عالمی سفارتی دبائو بڑھانے کاہمارا یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک بھارت اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ قراردادوں کے مطابق اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق ان کا حق خود ارادیت نہیں دے دیتا۔