اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو فارن فنڈنگ دینے والوں میں بھارت، اسرائیل، امریکہ سمیت دیگر ممالک شامل ہیں، دوسروں کو امپورٹڈ کہنے والا خود بیرون ملک سے فنڈز لیتا رہا، دوسروں پر فتوے لگانے والے نے جھوٹے حلف نامے جمع کرائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو وفاقی وزیر سردار ایاز صادق کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ آرمی ہیلی کاپٹر حادثے میں پاک فوج کے افسران اور جوانوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ اور افسوس ہوا،اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے شہداء کی قربانیاں کبھی نہیں بھولیں گے، حادثے پر قوم سوگوار ہے، لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ شہداء بلوچستان کے سیلاب زدگان کی امداد میں مصروف عمل تھے، کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید بہترین افسر تھے۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا آج کا فیصلہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے، اس کے اثرات جلد سامنے آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی والے خاموش ہیں، پی ٹی آئی کے رہنما دو تین روز سے یہ شور مچا رہے تھے کہ قانون سب کیلئے یکساں ہونا چاہئے، ہمارا دیرینہ مؤقف ہے کہ قانون سب کیلئے یکساں ہونا چاہئے، پی ٹی آئی دور میں سیاسی مخالفین کے خلاف یکطرفہ کارروائیاں ہوتی رہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کو فارن فنڈنگ دینے والوں میں بھارت، آسٹریلیا، امریکہ، برطانیہ اور اسرائیل بھی شامل ہیں، دوسروں کو امپورٹڈ کہنے والا خود بیرون ملک سے ممنوعہ فنڈنگ لیتا رہا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ دوسروں پر فتوے لگانے والے نے جھوٹے حلف نامے جمع کرائے، عمران خان نے ساری زندگی دوسروں کی جیبوں پر نظر رکھی، مقصود چپڑاسی کا راگ الاپنے والے کے اپنے پیچھے کئی مقصود چپڑاسی ثابت ہو چکے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے حالیہ شفاف ترین ضمنی الیکشن کے باوجود الیکشن کمشنر پر الزامات لگائے، عمران خان پہلے خود چیف الیکشن کمشنر کی تعریف کرتے تھے، عمران خان کے جھوٹ کا طویل سفر ابھی بھی جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ایک منصوبہ کے تحت سیاست میں متعارف کرایا گیا، فیصلہ اپنے حق میں قرار دینے والے پی ٹی آئی کے لوگ چیخیں بھی مار رہے ہیں، ماضی میں چند ہزار کے معاملے پر کئی ایم این ایز نااہل قرار دیئے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب ادارے عمران خان کا احتساب کریں گے، محمد نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر تاحیات نااہل قراردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد الیکشن کمیشن کے فیصلے پر مکمل عمل کیا جائے گا۔