اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی): دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا کردار اور قربانیاں سب جانتے ہیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے منگل کو اپنے بیان میں میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہا کہ ہم نے امریکہ کے سرکاری بیانات اور افغانستان میں امریکہ کی طرف سے انسداد دہشت گردی کے آپریشن کے حوالے سے میڈیا رپورٹس دیکھی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا کردار اور قربانیوں سے ہر کوئی آگاہ ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے کھڑا ہے۔