اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم راناتنویرحسین نے کہاہےکہ دنیامیں ڈگریوں کی بجائے مہارت کی قدر کی جاتی ہے ، ہمیں بھی ترقی کے لئے دنیاکے مطابق چلناہوگا۔ وہ بدھ کو وہ وفاقی تعلیمی بورڈمیں میٹرک کے نتائج کی تقریب سے خطاب کررہےتھے۔
انہوں نے نتائج میں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلبا وطالبات ،اساتذہ اوران کے والدین کو مبارک باد دی۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں خوشی ہے کہ ہماری بچیاں بچوں سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہیں اور زندگی کے ہر شعبہ میں ترقی کررہی ہیں، ہمیں اس پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی تعلیمی بورڈ نے تعلیم کے معیارکو بہتر کرنے کے لئے اصلاحات لائی ہیں ، ملک کےدیگر تعلیمی بورڈ کو بھی اصلاحات لانا ہوں گی اوروہ اس کے لئے تمام صوبوں کے چیف منسٹرزاور متعلقہ حکام سےبات کریں گے۔ جو ادارہ بہتر کام کررہاہو اس کی تقلید کی جاناچاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں بدقسمتی سے یونیورسٹیوں کی تعداد میں تو بے انتہا اضافہ ہوا ہے لیکن معیار تعلیم میں کمی آئی ہے۔ پی ایچ ڈیز کی ایک بڑی تعداد بے روز گار ہے۔ ہمارےپی ایچ ڈیز کو دنیامیں تسلیم نہیں کیاجارہا ، یہ بات ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ ہمیں مقدار کی بجائے معیارپر توجہ دینا ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ دنیااس وقت ہنر کی تعلیم کی طرف جارہی ہے ۔
جرمنی اس سلسلہ میں ایک بہترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ہنر کی تعلیم کے نظام کو بہتر بنانے میں ہماری مدد کرنے کو تیارہے ۔ سعودی عرب سمیت تمام ممالک ہنر مند افرادی قوت کی ڈیمانڈ کر رہے ہیں اور اس کے لئے ہمیں یونیورسٹیوں میں ہنر کی تعلیم کا شعبہ بنانا ہوگا۔ انہوں نے چیئرمین ایچ ای سی کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس سلسلہ میں کام کریں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے ترقی کرنی ہے تودنیا کے ساتھ چلنا ہو گا۔ دنیا میں آنے والی تبدیلیوں کو اپنانا ہوگا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے لوگ ذہین ہیں ، بیرون ملک کام کرنے والے والے ہمارے انجینئرز، ڈاکٹراوردیگر شعبوں کے لوگوں نے ایک نام پیدا کیا ، یہ کام وہ ملک کے اندر بھی کرسکتے ہیں۔ اس کےلئے کمٹمنٹ کی ضرورت ہے اور ہمیں اب ایسا کرنا ہوگا۔
وفاقی وزیر نے یونیورسٹیوں پر زور دیا کہ وہ انڈسٹری کی ضرورتات کو مد نظر رکھتے ہوئے ریسرچ پرپوزلز پر کام کریں جس کا ہمارے ملک اور معاشرے کو فائدہ ہو۔اس موقع پر انہوں نے پوزیشنزہولڈرزکے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔