36.6 C
Islamabad
منگل, مئی 13, 2025
ہومقومی خبریںعمران خان غیر ملکی ایجنٹ ثابت ہو چکے ہیں، طاقت کے زور...

عمران خان غیر ملکی ایجنٹ ثابت ہو چکے ہیں، طاقت کے زور پر ریڈ زون میں داخلہ کی کوشش پر سختی سے نمٹا جائے گا، مختص مقامات پر پرامن احتجاج کی صورت میں سکیورٹی سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اﷲ

- Advertisement -

اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اﷲ نے پاکستان تحریک انصاف کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعرات کو کوئی ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش نہ کرے، طاقت کے زور پر ریڈ زون میں داخلہ کی کوشش پر سختی سے نمٹا جائے گا، الیکشن کمیشن کے فیصلہ کے بعد عمران خان بیرونی طاقتوں کے ایجنٹ ثابت ہو چکے ہیں، عمران خان نے ملک میں نفرت اور انتشار پھیلانے کیلئے بیرون ممالک سے پیسے لئے،

انہوں نے سیاست میں عدم برداشت اور گالم گلوچ کا کلچر متعارف کرایا، اگر کسی نے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو ان سے سختی سے نمٹا جائے گا،  جمعرات کو پی ٹی آئی کے احتجاج میں اگر املاک کو نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ دار پاکستان تحریک انصاف کی قیادت ہو گی، رپورٹس ہیں کہ پی ٹی آئی والے الیکشن کمیشن پر حملہ آور ہو سکتے ہیں، ریڈ زون میں احتجاج کرنے پر پابندی ہے، پی ٹی آئی احتجاج کے نام پر انتشار پھیلانا چاہتی ہے، کسی کو ریڈ زون میں داخلہ اور الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی، سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے مختص مقامات پر پرامن احتجاج کی صورت میں سکیورٹی سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

- Advertisement -

بدھ کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کے ہمراہ یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان الیکشن کمیشن کا فیصلہ آنے کے بعد غیر ملکی ایجنٹ قرار دیئے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف عدلیہ کی جانب سے مختص مقامات پر احتجاج کر سکتی ہے، ان مقامات پر پرامن احتجاج کی صورت میں سکیورٹی بھی فراہم کی جائے گی، اگر انہوں نے قانون کو ہاتھ میں لیا تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ وزیر داخلہ نے پاکستان تحریک انصاف کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ آج عمران خان نے اپنے بیان اور فواد چوہدری نے میڈیا ٹاک کے دوران کہا ہے کہ کل الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے سامنے احتجاج کیا جائے گا، رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف احتجاج کی آڑ میں گڑ بڑ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، اگر ان کو الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کی اجازت دی گئی تو یہ الیکشن کمیشن آف پاکستان پر حملہ آور ہو سکتے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ اپنے فیصلوں میں قرار دے چکے ہیں کہ ریڈ زون میں احتجاج کی اجازت نہیں ہے اور ای سی پی ریڈ زون میں واقع ہے۔ وزیر داخلہ نے تحریک انصاف کی قیادت اور ورکرز کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ کل ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش نہ کریں بلکہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ نے ایچ نائن اور ایف نائن میں احتجاج کے حوالہ سے جو علاقے مختص کئے ہیں اور جہاں پر پہلے بھی احتجاج ہوتے رہے ہیں وہاں پر احتجاج کریں، ان مقامات پر پرامن احتجاج کی صورت میں سکیورٹی سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی احتجاج کیلئے ریڈ زون میں داخلہ کی قطعاً اجازت نہیں دی جائے گی اور اگر کسی نے طاقت کے زور پر ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش کی تو اس کو روکا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت آنسو گیس کے استعمال پر کہتی ہے کہ ہم پر ظلم اور بربریت ہوتی ہے جبکہ انہیں معلوم ہی نہیں کہ سیاسی جدوجہد میں لوگوں نے کیسی کیسی مشکلات کا سامنا ہے۔ رانا ثناء اﷲ خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دورہ حکومت میں ہم کئی شکلوں کے بھیانک انتقام سے گزرے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج جمہوری معاشرے میں سب کا حق ہے، مختص مقامات پر احتجاج کریں وہاں پرامن رہیں گے تو سہولیات دیں گے لیکن الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش پر سختی سے نمٹا جائے گا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ کل الیکشن کمیشن کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی غیر ملکی ممنوعہ فنڈ وصول کرنے والی سیاسی جماعت ثابت ہو چکی ہے، عمران خان غیر ملکی ایجنٹ ثابت ہو چکے ہیں، انہوں نے غیر ملکی افراد اور کمپنیوں سے پیسہ لے کر پاکستان میں افراتفری، انارکی، نفرت پھیلانے اور سیاسی اقدار کو مسخ کرنے کیلئے استعمال کیا، پاکستان کی سیاست میں ایک احترام کا کلچر تھا جبکہ عمران خان نے قومی سیاست میں نفرت کا کلچر متعارف کرایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی ایجنٹ کے حوالہ سے کل کابینہ کے اجلاس میں بنیادی فیصلے کئے جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان نے فرح گوگی کی پنجاب میں لوٹ مار کا کوئی جواب نہیں دیا، عمران خان قومی خزانہ پر 50 ارب کے ڈاکے پر بھی خاموش ہے، اگر کسی کا نام ای سی ایل میں ڈالنا پڑا تو ان کا نام ڈالا جائے گا، اگر کسی کو گرفتار کرنے کی ضرورت ہوئی تو انہیں گرفتار بھی کریں گے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلہ میں مختلف کریمنلز سرگرمیوں کی بھی نشاندہی کی گئی ہے جس میں جعلسازی اور منی لانڈرنگ کو معتبر شواہد سے ثابت کیا گیا ہے جس کا جائزہ لے رہے ہیں اور اس کو سپریم کورٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر کسی کے خلاف مقدمہ ہے تو اسے گرفتار کریں گے، ہم نے بھی پونے چار سال جھوٹے مقدمات کا سامنا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای سی پی کا فیصلہ آنے کے بعد پی ٹی آئی کو سمجھ ہی نہیں آئی اور شروع میں انہوں نے خوشیاں منائیں اور کہتے رہے کہ یہ فیصلہ ہمارے حق میں ہے لیکن جیسے جیسے تفصیلات پڑھتے گئے تو اس کے بعد ان کو سمجھ آئی اور احتجاج کا فیصلہ کیا، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے معتبر شواہد کی بنیاد پر ممنوعہ فنڈنگ کو ثابت کیا ہے اور اس حوالہ سے الیکشن ایکٹ 2017ء میں واضح طور پر تشریح کی گئی ہے،

الیکشن کمیشن کا فیصلہ آنے کے بعد تحریک انصاف مایوسی کا شکار ہے جس کی وجہ سے انہوں نے (آج) جمعرات کو الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کی کال دی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ 25 مئی کو دو صوبوں کے وزراء اعلیٰ کے ساتھ مسلح جتھہ لے کر عمران خان نے اسلام آباد پر چڑھائی کی تھی، یہاں پر پسپا ہو کر واپس چلے گئے۔

انہوں نے کہا کہ (آج) جمعرات کو پاکستان تحریک انصاف ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش نہ کرے اور نہ ہی الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کرے، پرامن احتجاج کرنا تمام سیاسی پارٹیوں کا حق ہے، اگر تحریک انصاف نے ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش کی اور قانون کو ہاتھ میں لیا تو قانون کے مطابق ان سے نمٹا جائے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش اور خواہش ہے کہ عام انتخابات میں محمد نواز شریف پارٹی کی انتخابی مہم کی سربراہی کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری استدعا ہے کہ ای سی پی کے فیصلہ کی سپریم کورٹ میں فل کورٹ سماعت کی جائے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=320357

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں