وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی جمہوریہ کوریا کے وزیر خارجہ سے ملاقات، دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

183

اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کمبوڈیا کے شہر نوم پنہ میں 29 ویں آسیان ریجنل فورم کے وزارتی اجلاس کے موقع پر جمہوریہ کوریا کے وزیر خارجہ جن پارک سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کی جانب جمعہ کو جاری بیان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور جمہوریہ کوریا کے درمیان تعلقات کی صورتحال کا جائزہ لیا اور دوطرفہ تعاون اور بات چیت کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے عالمی اور علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور ہم آہنگی کے شعبوں کی نشاندہی کی۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیر خارجہ پارک نے پاکستان اور جمہوریہ کوریا کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی اور ترقیاتی تعاون کا خاص طور پر ذکر کیا۔

انہوں نے دوطرفہ تعلقات کے تمام شعبوں پر تعاون اور بات چیت کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان جمہوریہ کوریا کے ساتھ اپنے تعلقات اور آسیان ریجنل فورم کے کلیدی رکن کے طور پر کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے باقاعدہ اعلیٰ سطحی بات چیت کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کی رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے قریبی روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا