روجھان۔5اگست (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آخری سیلاب متاثرہ شخص کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ، صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر مشترکہ سروے کرکے گھروں اور کھڑی فصلوں کو ہونے والے نقصان کے معاوضے کےلئے فارمولا بنائیں گے ، سیلاب سے ان علاقوں کو بچانے کےلئے منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔
جمعہ کو سیلاب سے متاثرہ راجن پور کے علاقے روجھان میں متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے سیلاب اور بارشوں سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر نے آگاہ کیا ہے کہ نقصانات کا ابتدائی سروے کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ فصلوں اورگھروں کو پہنچنے والے نقصان کے جائزے کےلئے مشترکہ سروے کرایا جائے گا، اس حوالے سے این ڈی ایم اے سے کہا ہے کہ وہ پی ڈی ایم اے کے ساتھ مل کرفوج کی مدد سے سروے کریں۔ انہو ں نے کہا کہ بارشوں اور سیلاب میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کےلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے الگ الگ معاوضہ دیا جائے گا، گھروں اور فصلوں کے نقصان پر صوبوں کے ساتھ مل کرفارمولا بنائیں گے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ مکمل تباہ ہونے والے کچے یا پکے گھر کے مالکان کو5 لاکھ روپے فی کس جبکہ جزوی نقصان پر2 لاکھ روپے دیئے جائیں گے، یہ رقوم جلد متاثرین کے حوالے کردی جائیں گی۔وزیراعظم نے اس موقع پرمتاثرین سے ملاقات بھی کی جنہو ں نے انہیں علاقے میں ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا جبکہ انہوں نے دور درازکےعلاقے کا دورہ کرنے اور متاثرین کی داد رسی پروزیراعظم کو دعائیں دیں اور ان کا شکریہ ادا کیا۔