نوجوانوں کو بااختیاربنانے کے لئے کل  جمعہ کو  5 پروگراموں کے آغاز کااعلان کیاجائےگا،شیز ہ فاطمہ خواجہ

76

اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائےامورنوجوانان شیز ہ فاطمہ خواجہ نےکہا ہے کہ نوجوانوں کو بااختیاربنانے کے لئے کل  جمعہ کو  5 پروگراموں کے آغاز کااعلان کیاجائےگا، ان میں محنت کشوں ،خواتین ، نوجوانوں اورآئی ٹی پروفیشنلزکے لئے پروگرام شامل ہوں گے، لیپ ٹاپ سکیم کے تحت ایک لاکھ طالب علموں کو لیپ ٹاپ جلددیئے جائیں گے،بہترین انوویشن آئیڈیاز پیش کرنے پر 20 نوجوانوں کو انوویشن ایوارڈزدیئے جائیں گے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے جمعرات کو صحافیوں سےگفتگو کرتےہوئے کیا۔معاون خصوصی نے کہا کہ ہر سال 12 اگست کو نوجوانوں کاعالمی دن منایاجاتاہے۔ امسال اس موقع پر یوتھ کنونشن میں نوجوانوں سے متعلق موجودہ حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا جائے گا۔ ان پروگراموں میں لیپ ٹاپ سکیم ، بزنس لون سکیم ، ہنر مند پروگرام سمیت دیگر پروگرام شامل ہیں۔

انہوں نےکہاکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں خواتین کی شرکت یقینی بنانے اورسازگارماحول فراہم کرنے کےلئے اقدامات کا بھی اعلان کیاجائےگا۔ محنت کی عظمت کاذکر کرتےہوئے انہوں نے کہا کہ روایتی طریقوں سے محنت مزدوری کرنے والوں کی ایکری ڈیٹیشن کی جائےگی تاکہ ان کو روزگارکے مساوی مواقع فراہم کئے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت مزدوروں کومساوی حقوق دینے کےلئے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہاکہ مزدوروں کے باعزت روزگارسے متعلق آگاہی پیداکی جائےگی اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایاجائےگا۔ روایتی اور غیر روایتی مزدوروں کے درمیان تفریق ختم کی جائے گی۔ یونیورسٹیوں کو مارکیٹ کی ضرورت کےمطابق نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ تربیت فراہم کی جانی چاہیے۔ ملک میں ثقافتی یلغار ہو رہی ہے۔ ہم مثبت طریقے سے ملک سے اس سےنکالیں گے۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کی پرتشدد ذہنیت تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

شیز ہ فاطمہ خواجہ نے کہاکہ خواتین کو کاروبارکے لئے بینکوں سے آسان شرائط پر قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم یوتھ لون سکیم کے تحت 50 ہزار نوجوانوں میں 74 ار ب ر وپے کا قرضہ تقسیم کیاگیاہے۔ آئندہ مالی سال کےدوران نوجوانوں کو 50 ارب روپے کاقرضہ آسان شرائط پر فراہم کیاجائےگا۔

قرضے کی شرائط میں نرمی کی جارہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس سے مستفید ہوں ۔انہوں نے کہا کہ بہترین انوویشن آئیڈیاز پیش کرنے پر 20 نوجوانوں کو انوویشن ایوارڈزدیئے جائیں گے۔