اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پی ایس او کیلئے 50 ارب روپے فوری قرض کی سہولت،درآمدی یوریا کی فی بوری کی قیمت 2150 روپے ،پی آئی اے کیلئے 14 کروڑ 20 لاکھ روپے کی مالی سہولت کی منظوری دیدی ۔وفاقی وزیر خزانہ و محصولات مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر، وفاقی وزیر برائے بجلی خرم دستگیر خان، شاہد خاقان عباسی ایم این اے/سابق وزیراعظم، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق مسعود ملک، ایس اے پی ایم برائے حکومتی افادیت ڈاکٹر محمد جہانزیب خان، وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت بلال اظہر کیانی، وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت و صنعت رانا احسان افضل، وفاقی سیکرٹریز اور سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
وزارت توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) نے پی ایس او کے لیے سنڈیکیٹڈ رننگ فنانس سہولت سے متعلق سمری پیش کی۔ 31 جولائی 2022 کو ای سی سی کے اجلاس میں پی ایس او کے لیکویڈیٹی ایشوز پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں پی ایس او کے لیکویڈیٹی مسائل کو کم کرنے کے لیے حکومتی گارنٹی والے قرض کا بندوبست کرنے پر بھی بات ہوئی۔ بینکوں کا ایک کنسورشیم تشکیل دیا گیا جس میں اے بی ایلاین بی پی ، ایم سی بی یوبی ایل اور HBL شامل ہیں ۔ای سی سی نے پی ایس او کیلئے 50 ارب روپے فوری قرض کی سہولت کی منظوری دیدی، وزارت خزانہ نے مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پی ایس او کو 105 ارب روپے کی گارنٹی حد مقرر کی ہے۔
حکومتی گارنٹی کے ذریعے پی ایس او کو 50 ارب روپے ادا کئے جائیں گے، چونکہ گارنٹی کے اجراء میں وقت لگے گا، بینکوں نے لیٹر آف کمفرٹ پر قرض جاری کرنے کا عمل شروع کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ اجلاس میں وزارت ہوابازی نے نیشنل بینک آف پاکستان کے حق میں جی او پی گارنٹی جاری کرنے کی سمری جمع کرادی۔ بتایا گیا کہ روزویلٹ ہوٹل کارپوریشن ( آر ایچ سی ) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز-انوسٹمنٹ لمیٹڈ ( پی آئی اے آئی ایل -) کی ملکیت ہے۔
کوویڈ۔19 وبائی امراض کی وجہ سے امریکہ اور پوری دنیا میں ہوٹلوں کا کاروبار سست پڑ گیا۔ آر ایچ سی کو دسمبر 2020 میں نقصانات سے بچنے کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔ ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن کی سربراہی میںآر ایچ سی کے مالیاتی چیلنجوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی۔
ای سی سی نے کمیٹی کی سفارش پر 142 ملین امریکی ڈالر کی GoP سپورٹ کی منظوری دی۔ فنانس ڈویژن نے نیشنل بینک آف پاکستان سے قرض کے طور پر فنانسنگ کی سہولت کا بندوبست کیا۔ ای سی سی نے بحث کے بعد روزویلٹ ہوٹل کارپوریشن (آر ایچ سی) اور نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی ) کے درمیان سہولت کے معاہدے کے مطابق قرض کے طور پر 142 ملین امریکی ڈالر کی فنانسنگ سہولت کے لیے حکومت پاکستان کی گارنٹی کی منظوری دی۔
وزارت صنعت و پیداوار نے درآمدی یوریا کی قیمت پر نظر ثانی کے لیے سمری پیش کی۔ بتایا گیا کہ این ایف ایم ایل کے گوداموں میں ذخیرہ شدہ درآمدی یوریا کی قیمت مقامی طور پر تیار کردہ یوریا سے کم ہے۔ درآمدی اور مقامی طور پر تیار کردہ یوریا کی قیمتوں میں تفاوت کو دور کرنے کے لیے، ای سی سی نے اس تجویز کی منظوری دی کہ 50 کلوگرام درآمدی یوریا کی ڈیلر ٹرانسفر پرائس (ڈی ٹی پی ) کو بڑھا کر 1805 روپے سے 2150 روپے کر دیا گیا ۔ ای سی سی نے مزید ہدایت کی کہ مستقبل میں یوریا کی قیمت اور ڈیلر مارجن ای سی سی کی پیشگی منظوری سے طے کریں۔