اقوام متحدہ کا گانگو میں مسلح گروپوں کےحملوں میں 100شہریوں کی اموات پر اظہار تشویش

79

اقوام متحدہ۔12اگست (اے پی پی):اقوام متحدہ نے جمہوریہ کانگو کے صوبہ اتوری میں مسلح گروپوں کے حملوں میں100 شہریوں کی اموات پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترش کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ جمہوریہ کانگو کے مشرقی صوبہ اتوری میں مسلح افراد کی جانب سے بڑھتے ہوئے تشدد کے واقعات قابل مذ مت ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے دفتر برائے ہیومینیٹیرئن کوآرڈینیشن امدادی سرگرمیوں کو تیز کردیں اور شہریوں کی تحفظ کو ترجیحی بنیادوں پریقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے شراکت داروں کے مطابق کانگو میں گزشتہ ماہ کے دوران متعدد شہریوں کو قتل اور93 سے زائد افراد کو اغوا کیا گیا جن میں زیادہ تر بچے شامل ہیں جبکہ 96ہزار سے زیادہ افراد بے گھر ہوئے اور کسانوں کی اپنے کھیتوں تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو تحفظ ، خوراک، محفوظ پناہ گاہوں اور صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات کی فراہمی کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں سکیورٹی کے نامناسب انتظامات پر گزشتہ ہفتے 2 بین الاقوامی تنظیمیں صوبہ اتوری سے واپس چلی گئی ہیں جس کے باعث ملک میں44ہزار سے زیادہ بے گھر افراد کو اشیائے خورد ونوش اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی شدید متاثرہوئی ہے۔