تہران ۔ 5 دسمبر (اے پی پی) اوپیک کی جانب سے تیل کی پیداوار میں کمی کے باعث خام تیل کے نرخوں میں اضافے سے ایران کا قومی بجٹ بڑھ گیا۔ذرائع ابلاغ کے مطابق ایران کے صدر حسن روحانی نے گزشتہ روز ملک کا سالانہ قومی بجٹ پارلیمنٹ میں پیش کردیا جس میں آئندہ عرصے کیلئے خام تیل کی آمدنی 50 ڈالر فی بیرل کے حساب سے ظاہر کی گئی ہے جبکہ گزشتہ سال تیل کی آمدنی 40 ڈالر فی بیرل ظاہر کی گئی تھی۔نئے بجٹ میں روزگار کی فراہمی، آبی ذخائر کی تعمیر، ریلوے کی ترقی اور ماحول کی بہتری کیلئے اقدامات کو خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اوپیک ملکوں کے فیصلے سے خام تیل کے نرخوں میں اضافہ ہونے سے ایران کی آمدنی بھی خاطر خواہ بڑھے گی۔ اس کے علاوہ خام تیل کے گرتے نرخوں کے باعث حکومتی امدادی رقوم کی ادائیگی میں بھی کمی واقع ہوگی۔