جشن آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی، چین میں پاکستانی سفارتخانے نے 4منی ڈاکومنٹریز جاری کر دیں

183

بیجنگ۔12اگست (اے پی پی):چین میں پاکستانی سفارتخانے نے یوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کے سلسلے میں چین کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر 2روز میں 4منی ڈاکومنٹریز جاری کیں۔چینی ویب سائٹ چائنا اکنامک نیٹ کی رپورٹ کے مطابق تقریباً 2منٹ کے مختصر دورانیے پر مبنی ڈاکومنٹریز چین کے 3معروف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کوئیشو، دویین اور ویبو پر دکھائی گئیں جن کے 3کلپس کو چینی شہریوں نے بے حد سراہا۔

ڈاکو منٹریز میں پاکستانی کھانوں، دستکاری، تہواروں اور فن تعمیر، اور ہاتھ سے بنی نایاب چیزوں ، باسمتی چاول سے لے کر قالین اور پاکستان کے قومی جانور مارخور تک تمام آرٹسٹک چیزیں دکھائی گئیں۔ سوشل میڈیا پر ایک صارف نے کہا کہ پاکستانی کھانے دیکھ کر منہ میں پانی آگیا، جب کورونا وائرس کی وبا ختم ہو گی وہ پاکستان جائیں گے۔

ایک اور صارف نے کہا کہ ہم یہ دستکاری مصنوعات کہاں سے حاصل کر سکتےہیں اس کا لنک بھی شیئر کیا جائے۔ چینی سفارتخانے نے جاری بیان میں بتایا کہ جشن آزادی کی گولڈن جوبلی کے سلسلے میں 7منی ڈاکو منٹریزجاری کرے گا جن میں 4ڈاکومنٹریز جاری کر دی گئی ہیں جبکہ دیگر 3ڈاکومینٹریز بھی ریلیز کی جائیں گی۔

جولائی تک چین کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر’’ ڈسکو ر پاکستان‘‘ کی 7 اقساط جاری کی جا چکی ہیں۔