پاکستان کے 75 ویں یومِ آزادی کے موقع پر اسری یو نیورسٹی میں تقریب کا انعقاد

499

اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):پاکستان کے 75 ویں یومِ آزادی کے موقع پر اسری یو نیورسٹی میں قومی یکجہتی اور امن کی تعمیر کی حوصلہ افزائی کے موضوع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر حیدر آباد ندیم الرحمان میمن تھے۔تقریب کا انعقاد ڈائر یکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرزنے اسری میڈیکل اسٹوڈنٹس سوسائٹی کے تعاون سے کیا۔

تقریب میں اسری یو نیورسٹی منیجنگ ڈائریکٹر زید احمد لغاری، پرو فیسر ڈاکٹر عبدالستار میمن، رجسٹرارعبدالقادر میمن سمیت فیکلٹی،اسٹاف، طلباء، ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اپنے خطاب میں کمشنر نے کہا کہ قومی یکجہتی اور امن کی تعمیر کسی بھی معاشرے کا سب سے اہم ہے، اسریٰ یو نیورسٹی کی انتظامیہ اور طلباء نے یومِ آزادی کے موقع پر اس تقریب کا اہتمام کر کے محب وطن ہو نے کا ثبوت دیا ہے اور ساتھ ہی دنیا کو یہ پیغام بھی دیا ہے کہ ہم پاکستانی قوم کسی بھی شعبے میں دنیا کی کسی قوم سے پیچھے نہیں ہیں۔

ندیم الرحمان میمن نے کہا کہ پاکستان اللہ کی طرف سے ایک نعمت ہے اسی لئے ہمیں ہر دن اپنی آزادی کی خوشی منانا چاہیے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نذیر اشرف لغاری نے کہا کہ ہمیں پاکستانی ہونے پر فخر ہے، ہم سب کو ملکر پاکستان کو مزید آگے بڑھانا ہے اور اپنا اپنا کردار انتہائی خوش اسلوبی کے ساتھ ادا کرنا ہے۔

قومی یکجہتی سے اقلیتوں کو بھی متحد کرنے میں مدد ملتی ہے اور ساتھ ہی ہر فرد کو یہ آزادی ملتی ہے کہ وہ بغیر کسی مداخلت کے اپنی زندگی اپنی مرضی کے مطابق گزار سکے۔ تقریب میں طلباء نے ملک کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے والے آباو اجداد اور افواجِ پاکستان کو زبر دست خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔ تقریب کے اختتام پر یومِ آزادی کاکیک بھی کاٹا گیا۔